سٹاک ایکسچینج میں معمولی ریکوری کے بعد دوبارہ مندی کا رجحان

چین پرامریکی ٹیرف میں 104 فیصد تک اضافے نے عالمی کساد بازاری کے خطرات کو بڑھا دیا ہے.ماہرین

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 9 اپریل 2025 13:29

سٹاک ایکسچینج میں معمولی ریکوری کے بعد دوبارہ مندی کا رجحان
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔09 اپریل ۔2025 )امریکا اور چین کے درمیان تجارتی جنگ بڑھنے کے خدشات کچھ کم ہونے کے باعث انڈیکس میں کچھ ریکوری کے ایک روز بعد ہی انڈیکس میں ایک بار پھر 2 ہزار 600 سے زائد پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی. بدھ کے روز کاروبار کے دوران بینچ مارک ”کے ایس ای 100“ انڈیکس صبح 10 بجکر 49 منٹ پر 2 ہزار 641 پوائنٹس یا 2.29 فیصد گر کر ایک لاکھ 12 ہزار 891 کی سطح پر آگیا جو گزشتہ روز ایک لاکھ 15 ہزار 532 کی سطح پر بند ہوا تھا یہ کمی اس وقت سامنے آئی ہے جب چینی درآمدات پر اضافی امریکی محصولات آج 104 فیصد تک پہنچ جائیں گی کیونکہ بیجنگ کی جانب سے لیویز پر آخر تک لڑنے کے عزم کے بعد واشنگٹن نے محصولات کو دوگنا کردیا ہے.

(جاری ہے)

اے کے ڈی سیکیورٹیز کے ریسرچ ڈائریکٹر اویس اشرف نے کہا کہ چین پر امریکی ٹیرف میں 104 فیصد تک اضافے نے عالمی ترقی میں سست روی کی وجہ سے کساد بازاری کے خطرات کو بڑھا دیا ہے جس سے اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے جذبات متاثر ہوئے . تاہم ان کا کہنا تھا کہ اشیا خاص طور پر تیل کی کم ہوتی قیمتیں اور نئے ٹیرف سے ممکنہ مسابقتی فائدہ ہمارے بیرونی اکاﺅنٹ پر مثبت اثر ڈال سکتا ہے انسائٹ سیکیورٹیز کے سیلز کے سربراہ علی نجیب نے گزشتہ روز 9 اپریل کے بعد جب عالمی تجارتی محصولات لاگو ہوں گے اور متاثرہ ممالک پر ان کے اثرات کا جائزہ لینے کے بعد مارکیٹ کے رویے کا مشاہدہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا تھا .

انہوں نے کہا تھا کہ باہمی محصولات مارکیٹ میں اتار چڑھاﺅکو متحرک کر سکتے ہیں جبکہ سرمایہ کار محتاط رویہ اختیار کر سکتے ہیں برآمدات سے چلنے والے اسٹاکس میں کمی آسکتی ہے جبکہ سونے جیسے محفوظ اثاثے بڑھ سکتے ہیں بڑے تجارتی حجم والے ممالک کے ساتھ تجارتی تناﺅ انتقامی کارروائیوں کو جنم دے سکتا ہے جس سے عالمی سپلائی چینز اور آمدنی کے نقطہ نظر متاثر ہو سکتے ہیں.