وزیراعلیٰ نے اپنی پہلی تقریر میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کا وعدہ کیا‘ سردار رمیش سنگھ اروڑہ

بدھ 9 اپریل 2025 18:23

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2025ء)نیشنل کمیشن فار ہیومن رائٹس کے زیر اہتمام انسانی حقوق کے فروغ کے عنوان پر اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں پرومس ٹو ایکشن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس میں پنجاب کے وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے خصوصی شرکت کی۔ نمایاں انسانی حقوق کے ماہرین، حکومتی افسران اور بین الاقوامی نمائندوں نے کانفرنس میں شرکت کی۔

پینل مباحثے میں گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ ملکی آئین سب کو مساوی حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔ پاکستان میں مذہبی اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اپنی پہلی تقریر میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کا وعدہ کیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ پنجاب نے اقلیتی برادری کی مالی معاونت کے لیے مینارٹی کارڈ کا اجرا کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب، اقلیتی برادری کے ہر مذہبی تہوار میں شریک ہوتی ہیں۔ خواتین پر تشدد کی روک تھام کے حوالے سے پنجاب میں قانون سازی کی گئی ہے۔ خواتین کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب نے متعدد اقدامات کیے ہیں۔ بحیثیت اقلیتی وزیر بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے کام کر رہا ہوں۔ پاکستان میں انسانی حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔