امید ہے جلد اچھے دن شروع ہوں گے، ابیر گلال سے اچھی توقعات ہیں، ماورا حسین

بدھ 9 اپریل 2025 21:15

امید ہے جلد اچھے دن شروع ہوں گے، ابیر گلال سے اچھی توقعات ہیں، ماورا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 اپریل2025ء) اداکارہ ماورا حسین نے امید ظاہر کی ہے کہ جلد ہی پاکستان اور بھارت کے فنکاروں کے اچھے دن شروع ہوں گے اور دونوں ممالک کے فنکار ایک ساتھ کام کرسکیں گے۔ساتھ ہی اداکارہ نے فواد خان کی آنے والی بولی وڈ فلم ابیر گلال کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ فلم شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب جائے گی۔

ماورا حسین نے حال ہی میں ٹائمز آف انڈیا کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے اپنی 2016 کی بولی وڈ فلم صنم تیری قسم کی بھارت میں دوبارہ ریلیز پر بھی بات کی اور اس بات پر خوشی کا اطہار کیا کہ 9 سال بعد ان کی فلم نے ریکارڈ کمائی کی۔ماورا حسین نے بات کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ موقع ملنے پر وہ دوبارہ بھی بھارتی فلموں میں کام کریں گی۔

(جاری ہے)

اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگر حالات اچھے ہوں گے اور انہیں حالات نے اجازت دی تو وہ مزید بولی وڈ فلموں میں اور ممبئی میں کام کرنا پسند کریں گی۔فواد خان کی آنے والی فلم ابیر گلال پر بھارتی ہندو انتہاپسندوں کی دھمکیوں سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال پر ماورا حسین نے امید ظاہر کی کہ جلد ہی اچھے دن بھی آئیں گے اور دونوں ممالک کے فنکار ایک ساتھ کام کریں گے۔

ماورا حسین کا کہنا تھا کہ وہ اس طرح کی انتہاپسندوں کی دھمکیوں کو ذاتی نہیں لیتیں، ان کا یقین ہے کہ جو ہونا ہوتا ہے، وہ ہوکر ہی رہتا ہے۔انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان سیاسی کشیدگی پر محتاط انداز میں بات کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے فنکار 2016 سے ایک دوسرے کے ساتھ کام کرنے کے لیے بے تاب ہیں۔اداکارہ کے مطابق دونوں ممالک کی کاسٹ پر مبنی فلم کی ریلیز سے متعلق مسائل کی پریشانی پروڈیوسر کو ہوتی ہے اور اسی کا ہی مسئلہ ہے، تاہم ایسا نہیں ہونا چاہیے، کسی پر تنازع نہیں ہونا چاہیے۔

ماورا حسین کا کہنا تھا کہ وہ فواد خان سمیت ابیر گلال کی دیگر کاسٹ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتی ہیں اور انہیں امید ہے کہ فلم اچھی جگہ بنانے میں کامیاب جائے گی۔انہوں نے کہا کہ فنکار ہمیشہ ایک دوسرے کی سپورٹ کے لیے موجود رہتے ہیں اور جب بھی کسی کا کام سامنے آتا ہے تو اس کی تعریف کرنے اور سپورٹ کرنے کے لیے دوسرے فنکار موجود رہتے ہیں۔