صدرمملکت آصف علی زرداری پاکستانیت اور قومی وحدت کی علامت ہیں، عامرعبدالغفارلون

بدھ 9 اپریل 2025 22:25

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2025ء)آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کے وزیر ماحولیات عامر عبدالغفار لون نے کہا ہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری پاکستانیت اور قومی وحدت کی علامت جبکہ قومی یکجہتی کے علمبردار ہیں وہ عنقریب جام صحت نوش کرتے ہوئے انشاء اللہ دوبارہ ملک میں جمہوریت کے دوام جبکہ فیڈریشن کی مضبوطی کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے۔

صدر مملکت ان دنوں علیل ہیں لیکن ہم وطنوں سمیت اوورسیز پاکستانیوں وکشمیریوں کی دعاؤں اور وفاؤں کا محور ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ محترمہ فریال تالپور کی قیادت میں سندھ سمیت اندرون ملک وبیرون ملک قوم کی بیٹیاں صدر آصف علی زرداری کی صحت وتندرستی،سلامتی اور درازی عمر کے لئے اجتماعی دعاؤں کا اہتمام کیا جا رہا ہے ان جذبات واحساسات کا اظہار انھوں نے صدر مملکت کی بحالی صحت کے حوالے سے جاری کردہ بیان میں کیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان آج بھی صدر آصف علی زرداری کا مقروض اور احسان مند ہے ملک وقوم اور جمہوریت کے لئے بھٹو خاندان اور زرداری خاندان کی گرانقدر خدمات ناقابل فراموش ہیں۔انھوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد جب ملک بھر میں غم وغصہ کی کیفیت اور گھر گھر صف ماتم بچھی ہوئی تھی تو اس نازک دور میں زیرک اور وطن پرست آصف زرداری علی نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگاتے ہوئے مادر وطن کو بہت بڑے امتحان اور بحران سے بچایا تھا۔