امریکی عدالت ، گروپتونت سنگھ پنوں قتل کیس میں ملوث بھارتی شہری پر فردجرم عائد

بدھ 9 اپریل 2025 21:40

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2025ء) امریکی عدالت نے بھارتی شہری نکھل گپتا پر سکھ رہنما گروپتونت سنگھ پنوں کو قتل کرنے کی سازش کے الزام میں باضابطہ طور پرفردجرم عائد کر دی ہے۔کشمیرمیڈیاسرو س کے مطابق امریکی عدالت کے جج نے نکھل گپتا پر فردِ جرم عائد کرتے ہوئے 3نومبر 2025کو مقدمے کی باقاعدہ سماعت مقرر کی ہے۔عدالت نے نکھل گپتا کے قبضے سے ملنے والی 15ہزارڈالر کی نقد رقم بھی ضبط کرنے کا حکم دیا ہے۔

(جاری ہے)

یہ رقم مبینہ طور پر بھارت کے سابق انٹیلی جنس افسر کی جانب سے کرائے کے قاتل کو ادا کرنے کے لیے فراہم کی گئی تھی۔نکھل گپتا کو جون 2023میں جمہوریہ چیک سے گرفتار کیا گیا تھا اور ایک سال بعد امریکہ کے حوالے کیا گیا۔ اس کیس نے بین الاقوامی سطح پر بھارتی خفیہ ایجنسیوں کے متنازع کردار کو بے نقاب کیا ہے۔امریکی تفتیشی اداروں کے مطابق بھارتی خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے امریکہ میں مقیم سکھ رہنما کے قتل کی سازش رچائی گئی تھی، جو کہ عالمی قوانین اور امریکہ کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہے۔یہ مقدمہ بھارت کی خفیہ کارروائیوں پر عالمی برادری میں تشویش پیدا کر رہا ہے اور بھارت کے نام نہاد جمہوری چہرے کو داغدار کر رہا ہے۔