کوئٹہ، دہشتگردوں کی پولیس موبائل پر فائرنگ ،3 پولیس اہلکار شہید ایک زخمی

پولیس اہلکار چائے پی رہے تھے جب دہشت گرد موٹر سائیکل پر سوار ہو کر آئے اور فائرنگ شروع کر دی، شہید ہونے والوں میں ایک سب انسپکٹر اور دو کانسٹیبل شامل ہیں

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 10 اپریل 2025 10:50

کوئٹہ(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10اپریل 2025)کوئٹہ میں دہشتگردوں کی پولیس موبائل پر فائرنگ کے نتیجے 3 پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا،پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے پولیس موبائل پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 3 اہلکار جان کی بازی ہار گئے، شہید ہونے والوں میں ایک سب انسپکٹر اور دو کانسٹیبل شامل ہیں،ابتدائی اطلاعات کے مطابق، پولیس اہلکار چائے پی رہے تھے جب دہشت گرد موٹر سائیکل پر سوار ہو کر آئے اور فائرنگ شروع کر دی۔

دہشت گردوں کے حملے کے فوراً بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔دہشت گردوں کے حملے کے فوراً بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گرد سریاب کے علاقے میں روپوش ہیں اور علاقے کو گھیرے میں لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

تاہم کچی آبادی کی وجہ سے فورسز کو کارروائی میں مشکلات کا سامنا ہے۔ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کے مطابق سریاب روڈ پر پولیس موبائل پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، فائرنگ کے نتیجے میں تین پولیس اہلکاروں کی شہادت کی اطلاعات ہیں، سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، شواہد اکٹھا کرکے تحقیقات کی جارہی ہے۔

دہشت گردوں کی تلاش میں سیکیورٹی فورسز نے سی سی ٹی وی فوٹیج کا بھی جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔بلوچستان حکومت کے ترجمان نے مزید بتایا کہ واقعہ قابل مذمت ہے، سماج دشمن عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ شہداءکی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔بلوچستان میں امن کو سبوتاڑ کرنے کی ہر کوشش ناکام بنائیں گے۔وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے اس بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ دہشت گردوں کو قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

انہوں نے یقین دلایا کہ ریاست کمزور نہیں ہے اور دشمنوں کو بھرپور جواب دیا جائے گا۔دوسری جانب کوئٹہ شہر میں گرین بس سروس آج 12 روز بعد بحال کر دی گئی ۔گرین بس انتظامیہ کے مطابق کوئٹہ میں گرین بس سروس 30 مارچ کو سیکیورٹی وجوہات کے پیش نظر معطل کی گئی تھی، جو آج 12 روز کے بعد دوبارہ بحال کر دی گئی۔