صوبائی مشیر مینا مجید بلوچ کی سریاب روڈ پر پولیس موبائل وین پر فائرنگ کی مذمت

جمعرات 10 اپریل 2025 12:25

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اپریل2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان مینا مجید بلوچ نے صوبائی دارالحکومت کے علاقے سریاب روڈ پر پولیس موبائل پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کے افسوسناک واقعے پر شدید رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ اس بزدلانہ حملے کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک اہلکار زخمی ہوا۔

یہ بات انہوں نے جمعرات کو اپنے بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں پر حملہ صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں پر ہی نہیں، بلکہ ریاست کی رٹ اور امن عامہ پر حملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر جو بلوچستان کے پرامن ماحول کو خراب کرنا چاہتے ہیں ان کے ناپاک عزائم کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہدا نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر اس دھرتی کا دفاع کیا ہے ان کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔

(جاری ہے)

حکومت بلوچستان نہ صرف شہدا کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے بلکہ ان کی ہر ممکن مدد اور بحالی کو یقینی بنائے گی جبکہ فورسز کی لازوال قربانیاں کسی سے بھی پوشیدہ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امن کے قیام کے لئے عوام اور ریاستی اداروں کا باہمی تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے اور نوجوان نسل کو چاہیے کہ وہ ایسے حالات میں مثبت کردار ادا کریں اور معاشرتی ہم آہنگی کو فروغ دیں۔

انہوں نے زخمی اہلکار کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت زخمی اہلکار کو بہترین طبی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کے امن و استحکام کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا اور شرپسندوں کو قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جائے گی تاکہ آئندہ کسی کو بھی ایسی مذموم حرکت کی جرات نہ ہو۔