سپریم کورٹ کے باہر احتجاج ، پی ٹی آئی رہنما نعیم حیدر پنجوتھا کی ضمانت منظور

انسداد دہشت گردی عدالت گوجرانوالہ کا عمر ایوب اور زرتاج گل کی مسلسل غیر حاضری پر اظہار ناراضی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 10 اپریل 2025 13:54

سپریم کورٹ کے باہر احتجاج ، پی ٹی آئی رہنما نعیم حیدر پنجوتھا کی ضمانت ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔10 اپریل ۔2025 )سپریم کورٹ کے باہر احتجاج کے کیس میں پی ٹی آئی کے رہنما نعیم حیدر پنجوتھا کی ضمانت کنفرم کر دی گئی ہے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد کے جج محمد افضل مجوکا نے نعیم حیدر پنجوتھا کی درخواست ضمانت پر سماعت کی، پی ٹی آئی رہنما کی جانب سے سردار محمد مصروف خان ایڈووکیٹ، مرتضی طوری اور انصر کیانی عدالت میں پیش ہوئے.

عدالت نے 5 ہزار روپے کے مچلکوں کی عوض نعیم حیدر پنجوتھا کی ضمانت کنفرم کر دی، عدالت نے فائل کے ساتھ دفعہ 144 کا نوٹیفکیشن نہ ہونے پر اظہار برہمی کیا یاد رہے کہ پی ٹی آئی ہنما نعیم حیدر پنجوتھا کے خلاف تھانہ سیکرٹریٹ میں مقدمہ درج ہے .

(جاری ہے)

دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت گوجرانوالہ نے 9 مئی ہنگامہ آرائی گھیرا جلاﺅکیس میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور زرتاج گل کی مسلسل غیر حاضری پر اظہار ناراضی کیا اے ٹی سی گوجرانوالہ میں پی ٹی آئی راہنماﺅں کی عبوری درخواست ضمانتوں پر سماعت ہوئی، عمر ایوب اور زرتاج گل عدالت میں پیش نہیں ہوئے، دونوں کی جانب سے حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کی گئی.

عدالت نے مسلسل غیر حاضری پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی اور دونوں راہنماﺅں کو 18 اپریل کو طلب کر لیا ہے عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آئندہ پیشی پر غیر حاضری کی صورت میں ضمانت کی درخواستیں خارج کر دی جائیں گی.