ڈی پی او حافظ آباد کے پرتعیش دفتر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل، صارفین کی شدید تنقید

سبحان اللہ، یہ پاکستان کے ایک سرکاری افسر کا دفتر ہے، کہیں سے لگتا ہے پاکستان ایک مقروض ملک ہے؟ جس کے 12 کروڑ سے زائد لوگ بدترین غربت کا شکار ہیں؛ صحافی عمران شفقت کی پوسٹ

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 17 جولائی 2025 17:43

ڈی پی او حافظ آباد کے پرتعیش دفتر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل، صارفین ..
حافظ آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 جولائی 2025ء ) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حافظ آباد کے پرتعیش دفتر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس پر صارفین کی جانب سے تنقید کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے زیر گردش ہے جس میں ڈی پی او حافظ آباد کا آفس دکھایا گیا ہے، ویڈیو میں نظر آنے والے دفتر میں ہر طرف مہنگا فرنیچر اور دیگر آرائشی سامان پڑا دکھائی دے رہا ہے، تزئین و آرائش اور دفتر کی سجاوٹ کے لیے لگژری پردوں اور پینٹنگز کا استعمال بھی کیا گیا ہے، ویڈیو میں دفتر کی دیواروں، فرش اور چھتوں پر بھی لائٹنگ سمیت انتہائی نفیس کام ہوا دکھائی دے رہا ہے، ڈی پی او حافظ آباد کے دفتر کی ویڈیو سامنے آتے ہی سوشل میڈیا صارفین کی طرف سے اس پر تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے صحافی عمران شفقت کہتے ہیں کہ ’سبحان اللہ، یہ پاکستان کے ایک سرکاری افسر کا دفتر ہے، کہیں سے لگتا ہے پاکستان ایک مقروض ملک ہے جس کے 12 کروڑ سے زائد لوگ بدترین غربت کا شکار ہیں‘۔
ایک صارف نے لکھا کہ ’خدا کا خوف کریں، اتنی تزئین و آرائش تو فراعینِ مصر نے بھی اپنے مقبروں کی نہیں کی، یہ کیا چوری کا مال تھا جو یوں لٹایا گیا؟ یہ سرکاری دفتر ہے جو کہ ہر صورت سادہ ہونا چاہیئے تاکہ عوام کے ٹیکس کا پیسہ کفایت شعاری سے استعمال ہو سکے‘۔

اسی طرح ایک صارف کا کہنا ہے کہ ’میری فوج کی یونٹ 180 سال پرانی ہے، کماندار آج بھی سو سال پرانی کرسی پر بیٹھتا ہے، میز 50 سال پرانا ہے قالین 130 سال پرانا ہے، صوفے 100 سالہ پرانے ہیں لیکن یہ ایک ڈی پی او حافظ آباد تو شہنشاہ معظم ہے‘۔
ایک سوشل میڈیا صارف نے کچھ یوں تبصرہ کیا کہ ’یقین نہیں آتا کہ ایک ڈی پی او کا آفس ایسا عظیم الشان ہوسکتا ہے؟ اگر ایسا ہی ہے تو وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بتائیں کہ ان کا آفس زیادہ پرتعیش ہے یا ڈی پی او حافظ آباد کا؟‘۔

اس معاملے پر صحافی امداد علی سومرو نے لکھا کہ ’یہ حافظ آباد کے ڈی پی او کا دفتر ہے، اتنا شاندار آفس نہ صدر مملکت کا ہے نہ ہی وزیراعظم کا ہے، اس دفتر کی تزئین و آرائش پر کروڑوں روپے خرچ ہوئے، یہ رقم کہاں سے آئی؟ کس نے خرچ کی؟ حساب کتاب تو لیا جانا چاہیئے، کیا وزیراعلی نوٹس لیں گی؟؟‘۔