پی ٹی آئی کی سابقہ حکومت پی آئی ایکی تباہی اور دیگر قومی نقصانات کی ذمہ دار ہے،خواجہ محمد آصف

جمعرات 17 جولائی 2025 19:01

پی ٹی آئی کی سابقہ حکومت پی آئی ایکی تباہی اور دیگر قومی نقصانات کی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2025ء)وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمدآصف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)ریاست کے خلاف مجرمانہ اقدامات اور پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی ای) کو تباہ کرنے کی ذمہ دارہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ یو کے ایئرسیفٹی فہرست سے پاکستان کا نام نکالنا وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں موجودہ حکومت کی ایک اہم کامیابی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت کے دوران اس وقت کے وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کے ایک متنازعہ بیان کے بعد2020 میں پی آئی اے پر لگائی گئی پابندی سے ملک کو اربوں روپے کا نقصان ہوا اور قومی ایئرلائن کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ان وجوہات کی تحقیقات کرے گی جن کی وجہ سے پابندی لگائی گئی اور اس کے مطابق ادارہ جاتی کارروائی کی جائے گی۔ خواجہ آصف نے کہا کہ پابندی کا خاتمہ پاکستان کے سول ایوی ایشن کے شعبے میں خاص طور پر برطانیہ اور یورپی یونین سے بڑھتے ہوئے بین الاقوامی اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔