Live Updates

وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس، جڑواں شہروں میں صاف پانی کی فراہمی اور مربوط نظام قائم کرنے کیلئے ٹاسک فورس کی شکیل

جمعرات 17 جولائی 2025 18:47

وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس، جڑواں شہروں میں صاف پانی کی فراہمی اور ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2025ء)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد و راولپنڈی کے شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی، موجودہ ذخائر کو سیوریج کے پانی سے آلودہ ہونے سے روکنے ، اسلام آباد کو مختلف ڈیمز سے پانی کی فراہمی اور واٹر سپلائی کا مربوط نظام قائم کرنے کیلئے ٹاسک فورس تشکیل دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ سی ڈی اے بارش کے پانی سے زیر زمین ذخیرہ کو ری چارج کرنے کیلئے جامع لائحہ عمل پیش کرے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی صدارت میں اسلام آباد و ملحقہ علاقوں میں صاف پانی کی فراہمی کے نظام کے حوالے سے جائزہ اجلاس جمعرات کو یہاں منعقد ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزرا سید محسن رضا نقوی ، میاں محمد معین وٹو اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر اسلام آباد و راولپنڈی کے شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی، موجودہ ذخائر کو سیوریج کے پانی سے آلودہ ہونے سے روکنے ، اسلام آباد کو مختلف ڈیمز سے پانی کی فراہمی اور واٹر سپلائی کا مربوط نظام قائم کرنے کیلئے ٹاسک فورس تشکیل دی گئی۔

وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی ٹاسک فورس کی سربراہی کریں گے جبکہ سی ڈی اے، واپڈا، اریگیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب اور دیگر متعلقہ اداروں کے ارکان ٹاسک فورس میں شامل ہوں گے۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بارش کے پانی سے زیر زمین پانی کے ذخیرہ کو ری چارج کرنے کیلئے سی ڈی اے جامع لائحہ عمل پیش کرے،راول ڈیم سے ملحقہ آبادیوں اور ڈیم میں گرنے والے نالوں پر کچی آبادیوں سے نکلنے والی سیوریج سے ڈیم کی آلودگی کے سدباب کیلئے نظام بنایا جائے،غیر قانونی و کچی آبادیوں سے نکلنے والے سیوریج کیلئے واٹر ٹریٹمنٹ کا نظام جلد قائم کیا جائے۔

وزیراعظم نے تربیلا، خانپور و دیگر ڈیمز سے اسلام آباد کیلئے متفقہ طور پر منظور شدہ پانی کو گھروں تک پہنچانے کیلئے واٹر سپلائی کا نظام جلد قائم کرنے اور اسلام آباد و ملحقہ علاقوں کیلئے واٹر بورڈ کی تشکیل کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔ اجلاس کو اسلام آباد میں صاف پانی کی فراہمی کیلئے قائم ٹاسک فورس کیلئے تجاویز پیش کی گئیں۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ اسلام آباد کو راول، تربیلا اور خانپور ڈیم سے متفقہ طور پر منظور شدہ پانی کی فراہمی کیلئے سپلائی سسٹم کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ اجلاس کو ملحقہ علاقوں میں متعدد ڈیمز کی تعمیر پر پیش رفت سے ا?گاہ کیا گیا اور ان ڈیمز سے اسلام آباد کو پانی کی فراہمی کیلئے واٹر سپلائی کے نظام کی تجاویز و لائحہ عمل بھی پیش کیا گیا۔

وزیر اعظم کو اجلاس میں مجوزہ واٹر بورڈ کے قیام کے ساتھ ساتھ اس کی ذمہ داریوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ بورڈ پانی کے موجودہ و آئندہ ذخائر کے انتظام، پانی کی گھروں تک فراہمی کے طریقہ کار، پانی کی سٹیک ہولڈرز کے مابین تقسیم و متعلقہ اقدامات کا انتظام سنبھالے گا۔اجلاس کو سی ڈی اے کی جانب سے اسلام آباد کی کچی آبادیوں سے سیوریج کے اخراج کی وجہ سے پانی کے ذخائر کی آلودگی روکنے کے حوالے سے اقدامات پر بھی جائزہ پیش کیا گیا۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات