امریکی صدر کے دورہ پاکستان سے متعلق غلط خبر دینے پر صحافی اعزاز سید نے معذرت کرلی

مجھے یہ تسلیم کرتے ہوئے شدید شرمندگی محسوس ہو رہی ہے کہ میں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ پاکستان سے متعلق تاریخ کو غلط رپورٹ کیا؛ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 17 جولائی 2025 17:15

امریکی صدر کے دورہ پاکستان سے متعلق غلط خبر دینے پر صحافی اعزاز سید ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 جولائی 2025ء ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ پاکستان سے متعلق غلط خبر دینے پر صحافی اعزاز سید نے معذرت کرلی۔ اس حوالے سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ آج مجھے یہ تسلیم کرتے ہوئے شدید شرمندگی محسوس ہو رہی ہے کہ میں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ پاکستان سے متعلق تاریخ کو غلط رپورٹ کیا، جو معلومات میں نے شیئر کیں وہ قبل از وقت تھیں اور ابھی تک حتمی نہیں تھیں۔

اعزاز سید کا کہنا ہے کہ میں اس کی پوری ذمہ داری لیتا ہوں اور اپنے تمام فالوورز بشمول میرے ادارے جیو نیوز جس نے ہمیشہ مجھ پر بھروسہ کیا ہے، سب سے معذرت خواہ ہوں، میں اپنے کام میں درستگی، دیانتداری اور شفافیت کے لیے پرعزم ہوں اور مجھے اس غلطی پر واقعی افسوس ہے۔

(جاری ہے)

 
دوسری طرف خبررساں ادارے رائٹرز نے رپورٹ کیا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ 17 سے 19 ستمبر کر برطانیہ کا دورہ کریں گے، برطانوی رائل پیلس نے بھی تصدیق کی ہے کہ امریکی صدر کنگ چارلس کی دعوت پر برطانیہ پہنچیں گے، نیوز ایجنسی سے گفتگو میں ترجمان فارن آفس شفقت علی خان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ پاکستان کی خبروں پر لاعلمی کا اظہار کیا، اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ باضابطہ طور پر ہمیں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی کہ امریکی صدر ستمبر میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔

بتایا جارہا ہے کہ حال ہی میں امریکی صدر سے ملاقات میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ڈونلڈ ٹرمپ کو اس وقت دورہ پاکستان کی دعوت دی تھی جب امریکی صدر نے فیلڈ مارشل کے اعزاز میں وائٹ ہاؤس کے کیبنٹ روم میں ظہرانہ دیا تھا، ڈونلڈ ٹرمپ نے اس ملاقات میں بھارت سے جنگ روکنے پر فیلڈ مارشل کا شکریہ ادا کیا اور کہا تھا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیرسے ملاقات کا اعزاز حاصل ہوا، عاصم منیر کی شخصیت متاثر کن ہے، ان کا شکریہ کہ وہ جنگ کی طرف نہیں گئے۔