وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کی زیرصدارت اجلاس، اوورسیز پاکستانیز کنونشن کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا

جمعرات 10 اپریل 2025 23:25

وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کی زیرصدارت اجلاس، اوورسیز پاکستانیز کنونشن ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اپریل2025ء) وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل چوہدری سالک حسین نے وزارت خارجہ میں ہونے والے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں پاکستان میں ہونے والے پہلے اوورسیز پاکستانیز کنونشن کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر کو اوورسیز کنونشن کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کے حقوق کا تحفظ اور مسائل کا حل قومی ترقی کے لیے ناگزیر ہے، حالیہ مہینوں میں ترسیلات زر میں نمایاں اضافہ اس بات کا ثبوت ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان کے مستقبل پر بھروسہ ہے۔انھوں نے کہا کہ حکومت نہ صرف اوورسیز پاکستانیوں کی مالی معاونت کو سراہتی ہے، بلکہ ان کو قومی ترقی میں ایک کلیدی شراکت دار کے طور پر دیکھتی ہے، یہ کنونشن بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل، کردار اور خدمات کو اجاگر کرنے کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا، کنونشن نہ صرف مسائل کے حل کی راہ ہموار کرے گا بلکہ قومی پالیسی سازی میں اوورسیز کمیونٹی کو شامل کرنے کی بنیاد بھی رکھے گا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں  وزیر مملکت برائے سمندر پار پاکستانیز عون چوہدری، وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، وزارت سمندر پار پاکستانیز، وزارت خارجہ، وزارت داخلہ، او پی ایف، اسلام آباد انتظامیہ اور دیگر اداروں کے حکام نے شرکت کی۔