امریکا کا بگرام میں ایئر بیس قائم کرنے کا معاملہ افواہیں ہیں،ترجمان دفترِ خارجہ

یہ افغانستان اور امریکا کی حکومتوں کا آپس کا معاملہ ہے، ہم تمام مسائل کے بات چیت کے ذریعہ حل کے خواہشمند ہیں، شفقت علی خان

جمعرات 10 اپریل 2025 20:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اپریل2025ء)ترجمان دفترِخارجہ نے کہا ہے کہ امریکا کا بگرام میں ایئر بیس قائم کرنے کا معاملہ سوشل میڈیا افواہیں ہیں، یہ افغانستان اور امریکا کی حکومتوں کا آپس کا معاملہ ہے، ہم تمام مسائل کے بات چیت کے ذریعہ حل کے خواہشمند ہیں۔ترجمان دفترِ خارجہ شفقت علی خان نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا ہے کہ امریکا کی تیز رفتار ٹیرف تبدیلیاں دیکھ رہے ہیں، اس سے متعلق وزیرِاعظم نے بھی ایک اسٹیئرنگ کمیٹی قائم کی ہے، ٹیرف کا ترقی پذیر ممالک پر اثر ہو رہا ہے، ٹیرف والے معاملے کو حل کرنا چاہیے، امریکا میں تعلیمی ویزوں کی معطلی کی اطلاعات دیکھی ہیں، ہم اس پر امریکا سے رابطے میں ہیں۔

انہوںنے کہاکہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی واپسی پر عملدرآمد کر رہے ہیں، خارجہ پالیسی وفاق کا معاملہ ہے، صوبائی حکومت کے افغانستان سے مذاکرات کے ٹی او آرز کا معاملہ افغان ڈیسک سے چیک کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہمارے چین کے ساتھ قریبی دیرینہ تعلقات ہیں، چینی شہریوں کا تحفظ ہماری بنیادی ذمہ داری ہے، ہم میانمار اور تھائی لینڈ سے پاکستانی مغویوں کے معاملے پر رابطے میں ہیں۔

انہوںنے کہا کہ فلسطین میں 50 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، اگر یہ نسل کشی نہیں تو اور کیا ہوتی ہے، پاکستان فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھے گا۔شفقت علی خان نے کہا کہ بھارت میں وقف قوانین وہاں مسلمانوں کا بنیادی حق ہے، بھارت میں وقف املاک قوانین میں تبدیلی مسلمانوں کو دیوار کے ساتھ لگانے کی کوشش ہے، بھارتی اقدامات امتیازی سلوک اور اقلیتوں کے حقوق کی خلاف ورزی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں چھوڑے گئے جدید امریکی ہتھیار ہماری سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں استعمال ہو رہے ہیں، یہ معاملہ بارہا امریکا کے ساتھ اٹھایا ہے، نائب وزیراعظم کے امریکی وزیر خارجہ کے ساتھ حالیہ ٹیلیفونک گفتگو میں بھی یہ بات زیر بحث آئی۔انہوںنے کہاکہ وزیرِ اعظم دو روزہ سرکاری دورے پر بیلاروس گئے ہیں، ان کا دورہ بیلاروس دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ مضبوط شراکت داری کا عکاس ہے، وزیر خارجہ اسحاق ڈار 11 اپریل سے ترکیے کا دورہ کریں گے، حال ہی میں نمائندہ خصوصی کا دورہ کابل کافی اہم رہا، جس میں متعدد موضوعات پر تبادلہ خیال ہوا، منرل انویسٹمنٹ فورم کے حوالے سے معلومات ایس آئی ایف سی فراہم کر سکتی ہے۔