ئ*سندس فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کا سنٹرل پولیس آفس کا دورہ

چیئرمین سندس فاؤنڈیشن حاجی سرفراز احمد کی قیادت میں بچوں کی آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات

جمعرات 10 اپریل 2025 21:30

ً لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 اپریل2025ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے سندس فائونڈیشن کے تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں نے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔ چیئرمین سندس فاؤنڈیشن حاجی سرفراز احمد کی قیادت میں بچوں نے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا ۔اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس عمران ارشد، ڈی آئی جی ویلفیئر غازی محمد صلاح الدین، اے آئی جی فنانس ڈاکٹر ندا عمر چٹھ اور اے آئی ویلفیئر عبدالرحیم شیرازی سمیت سینئر افسران موجود تھے۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس نے تھیلیسیمیا کے بچوں کی سرپرستی اور سپورٹ کا بیڑا اٹھایا ہوا ہے،پنجاب پولیس نے تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کے لئے اب تک لاکھوں بوتل خون عطیہ کیا۔

(جاری ہے)

یاد رہے پنجاب پولیس نے کورونا وبا کے دوران بھی تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کے لیے خون کے عطیات دیئے تھے ۔ شہریوں اور تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کے لیے سیف سٹیز اتھارٹی میں ورچوئل بلڈ بینک قائم کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پولیس ملازمین کے تھیلیسیمیا سے متاثرہ 161 بچوں کو 45 ہزار روپے سہ ماہی بنیادوں پر دیئے جا رہے ہیں۔پنجاب پولیس سالانہ 02 ارب روپے سے زائد شہداء اور ملازمین کی فیملیز کی فلاح و بہبود پر خرچ کر رہی ہے جبکہ 03 ہزار سپیشل بچوں کو رجسٹر کرکے بیماریوں کی تشخیص اور علاج معالجہ کروایا گیا ہے ۔دماغی معذوری کا شکار 632 بچوں کو ماہانہ 10 ہزار روپے امداد دی جا رہی ہے۔

شہداء اور پولیس ملازمین کے بچوں کو کڈنی، لیور، ہارٹ سرجری اور سنگین امراض کے علاج معالجے کیلئے 32 کروڑ روپے فنڈز خرچ کئے گئے ہیں۔قوت سماعت سے محروم 34 بچوں کے کوکلئیر امپلانٹ سرجری کیلئے 06 کروڑ روپے خرچ کیے گئے ہیں۔ سپیشل اداروں میں زیر تعلیم بچوں کو ساڑھے 04 لاکھ روپے سالانہ وظیفہ دیا جا رہا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ سندس فاؤنڈیشن کے تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں نے شہدا و غازی والز، میوزیم، کانسٹیبلری لاوئج سمیت سی پی او کے مختلف شعبوں کا دورہ بھی کیا۔چیئرمین سندس فاؤنڈیشن حاجی سرفراز احمد نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کو پھولوں کا گلدستہ اور سوینئر پیش کیا۔