Live Updates

وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے دوروں سے ہسپتالوں میں بہتری آئی ہے، عظمی بخاری

جمعرات 10 اپریل 2025 21:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اپریل2025ء) وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے دوروں سے ہسپتالوں میں بہتری آئی ہے،سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی اور تمام قسم کے ٹیسٹ مفت ہورہے ہیں،کسی بھی سرکاری ہسپتال میں مریضوں اور انکے لواحقین کا استحصال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز کے سروسز ہسپتال کے وزٹ کے دوران لوگوں نے اطمینان کا اظہار کیا اورکسی ایک مریض یا ان کے لواحقین نے طبی سہولیات نہ ملنے کی شکایت نہیں کی۔ عظمی بخاری نے کہا کہ جس سرکاری ہسپتال میں ادویات موجود نہ ہوئیں اس کے ذمہ دار ایم ایس ہونگے،ڈاکٹروں کا پیشہ بہت ذمہ دارانہ ہے، اس میں کسی قسم کی غفلت ناقابل برداشت ہے،صحت اور تعلیم کے شعبے مریم نواز کی ترجیحات میں سر فہرست ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ مریم نواز صوبے کے وسائل سے نئے ہسپتال بنارہی اور ہسپتالوں کی ری ویمپنگ کررہی ہیں،بی ایچ یو کی ری ویمپنگ ہورہی اورمریم نواز ہیلتھ کلینک کامیابی سے چل رہے ہیں، ینگ ڈاکٹرز مریم نواز ہیلتھ کلینک کو پوری ذمہ داری سے چلا رہے جبکہ مخالفین صحت و تعلیم کے بجٹ سوشل میڈیا پروپیگنڈے اور اداروں کیخلاف مہم جوئی کیلئے استعمال کررہے ہیں۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات