عوام کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا ،ڈٹ کر کھڑے ہیں ،جدوجہد جاری رکھیں گے‘ رانا جمیل منج

پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک میں پانی کی منصفانہ اور جائز تقسیم کے لیے جدوجہد کی ہے‘ جنرل سیکرٹری لاہور

جمعہ 11 اپریل 2025 12:38

رائے ونڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اپریل2025ء)پاکستان پیپلزپارٹی لاہور کے جنرل سیکرٹری رانا جمیل منج نے کہا ہے کہ عوام کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا اس کے لئے ڈٹ کر کھڑے ہیں اور اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ،پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک میں پانی کی منصفانہ اور جائز تقسیم کے لیے جدوجہد کی ہے۔انہوںنے اپنے بیان میں کہا کہ عوام مخالفین کے کھوکھلے وعدوں سے تنگ آچکے ہیں، صرف عمل کی سیاست کامیاب ہوگی، بلاول بھٹو زرداری اس ملک میں ترقی کی سب سے بڑی علامت بن چکے ہیں، پیپلز پارٹی نے وعدے پورے کیے، عوامی خدمت ہی ہمارا مشن ہے۔

(جاری ہے)

رانا جمیل منج نے کہا کہ مخالفین عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن باشعور عوام جان چکے ہیں کہ کون ان کے ساتھ مخلص ہے اور کون صرف کھوکھلے وعدوں کے سہارے سیاست کر رہا ہے۔ صحت، تعلیم، انفرا اسٹرکچر سمیت دیگر شعبوں میں جو ترقیاتی کام ہوئے ہیں، وہ اس بات کا ثبوت ہیں کہ پیپلز پارٹی صرف باتیں نہیں بلکہ عمل پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت کو ملک کی ترقی کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کا دکھ درد سمجھتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ پورے ملک بالخصوص میں پارٹی کی مقبولیت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔