لاہورمیں بارش کی پیشگوئی کے بعد واسا لاہور کو ہنگامی اقدامات کی ہدایات جاری

جمعہ 11 اپریل 2025 13:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اپریل2025ء) محکمہ موسمیات کی جانب سے لاہور میں بارشوں کی پیشگوئی کے بعد وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر واسا لاہور کو مکمل الرٹ کر دیا گیا ہے۔وزیر اعلی کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے وائس چیئرمین واسا چوہدری شہباز احمد، ڈی جی واسا پنجاب طیب فرید، اور ایم ڈی واسا غفران احمد نے واسا لاہور کو ہنگامی اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

ڈی جی واسا کا کہنا ہے کہ تمام سٹاف اور مشینری کو الرٹ کر دیا گیا ہے، جبکہ شہر کے تمام انڈر پاسز پر پمپ اور عملہ متحرک رہے گا تاکہ کسی بھی ممکنہ پانی جمع ہونے کی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔ایم ڈی واسا غفران احمد نے تمام جنریٹرز کو سٹینڈ بائی پر رکھنے اور انہیں مکمل فعال رکھنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ جنریٹرز میں فیول کی مسلسل فراہمی کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بجلی کی بندش کے باوجود نکاسی آب کا عمل جاری رکھا جا سکے۔

وائس چیئرمین واسا چوہدری شہباز احمد نے مزید ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام ڈسپوزل سٹیشنز کی سکرینوں کی مکمل صفائی کی جائے تاکہ بارش کے دوران نکاسی آب میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ دوران بارش غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور واسا ہیلپ لائن پر کسی بھی ہنگامی صورتحال کی اطلاع فوری دیں۔