بھارت کشمیریوں کی جدوجہد کمزوراور حریت قیادت کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہا ہے لیکن وہ اپنے مذموم ارادوں میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا،حریت کانفرنس

جمعہ 11 اپریل 2025 14:51

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اپریل2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارتی وزارت داخلہ حق پر مبنی کشمیریوں کی جدوجہد کو کمزوراور حریت قیادت کو بدنام کرنے کےلئے ایک بے بنیاد بیانیے کو فروغ دینے کی کوشش کر رہی ہے لیکن وہ اپنے مذموم ارادوں میں کبھی کامیاب نہیں ہو گی۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے فورسز اور ایجنسیوں کو پر امن جدوجہد پر یقین رکھنے والے کشمیریوں کو خوف ودہشت کا شکار کرنے اور تحریک آزادی کے راستے سے ہٹانے کےلئے جبر و استبداد کا ہر ہتھکنڈہ استعمال کرنے کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حریت کیمپ کے خلاف ایک نیا پروپیگنڈہ شروع کیا گیا ہے اور کالے قوانین کے بے دریغ استعمال اور ڈرانے دھمکانے کی کارروائیوں کے ذریعے حریت رہنمائوں کو نام نہاد بیانات دینے پر مجبور کیا جا رہا ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ بھارت ظلم و جبر کے ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کو دیوار کے ساتھ لگانے اور ان کی منصفانہ جدوجہد کو دبانے کی کوشش کر رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حریت کانفرنس کی اعلیٰ قیادت سمیت پانچ ہزار سے زائد کشمیریوں کی جیلوں اور عقوبت خانوں میں موجودگی علاقے میں جاری وحشیانہ بھارتی جبر کی واضح مثال ہے ۔ترجمان نے کہا کہ بھارتی سفاکانہ ہتھکنڈے جیلوںمیں بند حریت رہنماں کے حوصلے پست کرنے میں ناکام رہے ہیں اور وہ اپنے اصولی موقف پر چٹان کی طرح ڈٹے ہوئے ہیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے کہاکہ دنیا جموں وکشمیر کو ایک متنازعہ خطہ تسلیم کرتی ہے اور بھارت اپنے جھوٹے بیانیے کے ذریعے خطے کی متنازعہ حیثیت ہرگز متاثر نہیں کر سکتا ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنے ساتھ کیے گئے وعدوں کی تکمیل کےلئے ایک پر امن جدوجہد کر رہے ہیں ، ان کے عزم و استقامت نے بھارت کو بوکھلاہٹ کا شکار کردیا ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ کشمیری حق خود ارادیت کے حصول کےلئے بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں جو ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔ترجمان نے کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ تحریک آزادی کےخلاف بھارتی چالوں سے پوری طرح باخبر رہیں اور انہیں ناکام بنانے کےلئے اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو فروغ دیں۔

ترجمان نے کہا کہ تنازعہ کشمیر ایک حقیقت ہے جس کے حل تک خطے میں پائیدار امن و استحکام کا خواب ہرگز شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے محاصرے اور تلاشی کی جاری پر تشدد کارروائیوں ، کشمیری مسلمانوں کی املاک کی مسلسل ضبطی اور ملازمین کی برطرفی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ تمام گھنائونی کارروائیاں نام نہاد بھارتی جمہوریت کے ماتھے پر بدنام دھبہ ہے ۔انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ متنازعہ جموں وکشمیر میں بھارت کی طرف سے جاری عالمی قوانین کی خلاف ورزی اور انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لے اور تنازعہ کشمیر کے حل کےلئے بھارتی قیادت پر دبا ئوڈالے۔