میٹرک اور انٹرمیڈیٹ بورڈ آفس کی حیدرآباد سے ممکنہ جامشورو منتقلی کے خلاف انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن کا احتجاجی مظاہرہ

جمعہ 11 اپریل 2025 23:18

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اپریل2025ء) میٹرک اور انٹرمیڈیٹ بورڈ آفس کی حیدرآباد سے ممکنہ جامشورو منتقلی کے خلاف انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن حیدرآباد ڈویژن کی جانب سے حیدرآباد بورڈ آفس کے گیٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں خواتین کارکنان اور طلباء بھی شریک تھے جو کہ بورڈ آفس کی منتقلی کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کررہے تھے ۔

احتجاجی مظاہرے کی قیادت سینئر نائب صدر سید آصف شاہ،صدر یوتھ ونگ فہد خان،صدر آئی ایس ایف رابی حسین، دیپک کمار، فراز خان ، فرید بلوچ،انیسہ صدیقی اور دیگر عہدیداران کر رہے تھے ۔اس موقع پر رہنمائوں کا کہنا تھا کہ حیدرآباد میٹرک انٹرمیڈیٹ بورڈ کو حیدرآباد سے باہر منتقل کرنا حیدرآباد سمیت پورے ڈویژن کے طلبا اور اساتذہ کے ساتھ ناانصافی ہے، حیدرآباد پورے ڈویژن کا ہیڈ کوارٹر ہے، جہاں پبلک ٹرانسپورٹ بھی دستیاب ہے جس کی وجہ سے شہری آسانی سے اپنے بچوں کے تعلیم کے مسائل حل کر سکتے ہیں اوردفتر کو حیدرآباد سے باہر منتقل کیا گیا تو شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

(جاری ہے)

رہنمائوں نے مزید کہا کہ حکومت حیدرآباد کو ایک بھی یونیورسٹی فراہم نہیں کر پائی ہے جبکہ موجودہ سندھ حکومت صرف تعلیم کے خلاف کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر سندھ حکومت نے اپنا فیصلہ واپس نہیں لیا اور حیدرآباد میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ بورڈ کا دفتر برقرار نہ رکھا تو انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن حیدرآباد اپنی احتجاجی تحریک کو تیز کرے گی۔

متعلقہ عنوان :