جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا اجلاس، جسٹس علی باقر نجفی کو سپریم کورٹ کے جج کے طور پر نامزد کر دیا گیا

جمعہ 11 اپریل 2025 21:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اپریل2025ء) جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے جسٹس علی باقر نجفی( جج لاہور ہائی کورٹ ) کو سپریم کورٹ آف پاکستان کے جج کے طور پر نامزد کردیا جبکہ آئین پاکستان کے آرٹیکل175 اے (5) کے کی دوسری شق کے تحت جسٹس (ر) مقبول باقر سابق چیف جسٹس ہائی کورٹ آف سندھ،جسٹس (ر) نذیر احمد لانگو سابق جج ہائی کورٹ بلوچستان، جسٹس (ر) میاں شاکر اللہ جان سابق چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ، جسٹس (ر) شوکت عزیز صدیقی سابق جج اسلام آباد ہائی کورٹ کو کثرت رائے سے جوڈیشل کمیشن کے لئے نامزد کیا گیا ہے ۔

سپریم کورٹ آف پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری اعلامیہ کے مطابق جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا اجلاس جمعہ کو سپریم کورٹ بلڈنگ اسلام آباد کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں شامل ایجنڈے پر غور کیا گیا جس میں آئین پاکستان کے آرٹیکل 175A(5) کی دوسری شق کے تحت سندھ ہائی کورٹ، بلوچستان ہائی کورٹ، پشاور ہائی کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس/ججز کی نامزدگی کے علاوہ 2 جولائی 2024ء کو منعقدہ جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے منٹس آف میٹنگ میں شامل ریمارکس/آبزرویشنز کو حذف کرنے کے لیے جسٹس شجاعت علی خان، سینئر پیونے جج لاہور ہائی کورٹ کی درخواست اور سپریم کورٹ آف پاکستان میں لاہور ہائی کورٹ کے دو ججوں کی تقرری پر غورشامل تھا ۔

ایجنڈا آئٹم کے مطابق جوڈیشل کمیشن نے اپنی کل رکنیت کی اکثریت سے آئین پاکستان کے آرٹیکل 175A(5) کی دوسری شق کے تحت جن ججز کو نامزد کیا ان میں جسٹس (ر) مقبول باقر سابق چیف جسٹس ہائی کورٹ آف سندھ، جسٹس (ر) نذیر احمد لانگو سابق جج ہائی کورٹ بلوچستان، جسٹس (ر) میاں شاکر اللہ جان سابق چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ، جسٹس (ر) شوکت عزیز صدیقی سابق جج اسلام آباد ہائی کورٹ شامل ہیں ۔

کمیشن نے اپنی کل رکنیت کی اکثریت سے اس بات پر اتفاق کیا کہ 2 جولائی 2024ء کے منٹس میں استعمال ہونے والے الفاظ "عدالتی اور قانونی برادری کے درمیان ان کی سالمیت اور ساکھ کے بارے میں منفی عوامی تاثر" کو حذف کر دیا گیا ۔اسی طرح جوڈیشل کمیشن نے کثرت رائے سے جسٹس علی باقر نجفی( جج لاہور ہائی کورٹ ) کو سپریم کورٹ آف پاکستان کے جج کے طور پر نامزد کر دیا۔