پولیس کا کام عوام کی خدمت کرنا ہے اور ہمیں اس میں کسی بھی قسم کی بدعنوانی یا غفلت کی اجازت نہیں دی جا سکتی ،ایس پی پشین عبدالعلیم اچکزئی

جمعہ 11 اپریل 2025 22:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اپریل2025ء) ایس پی پشین عبدالعلیم اچکزئی نے پولیس تھانوں میں کرپشن، جرائم، منشیات کے اڈوں، اشتہاری ملزمان، کالی شیشوں والی گاڑیوں اور اسلحہ کلچر کے خلاف سخت اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر کوئی اہلکار کرپشن یا بدعنوانی میں ملوث پایا گیا تو وہ فوراً نوکری سے فارغ ہو گا اور ایسے اہلکاروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا ہاؤس پشین کے سینئر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ ایس پی پشین عبدالعلیم اچکزئی نے کہا، ''پولیس کا کام عوام کی خدمت کرنا ہے اور ہمیں اس میں کسی بھی قسم کی بدعنوانی یا غفلت کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ اگر پولیس کا کوئی سپاہی یا ٹریفک اہلکار عوام کے ساتھ بدسلوکی کرتا ہے یا کرپشن میں ملوث پائے جاتے ہیں تو وہ فوراً نوکری سے فارغ سمجھا جائے گا۔

(جاری ہے)

ایس پی پشین عبدالعلیم اچکزئی نے کہا کہ میرے دروازے پشین کے عوام کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں۔ عوام بلا جھجک اور بغیر کسی خوف کے اپنے مسائل اور شکایات میرے سامنے رکھ سکتے ہیں۔ پولیس کے تمام اہلکاروں کو عوام کی خدمت میں پیش پیش رہنا ہوگا اور ہر صورت میں عوام کی عزت و وقار کا تحفظ کرنا ہوگا۔ایس پی پشین عبدالعلیم اچکزئی نے پولیس کی کارکردگی میں بہتری لانے کے ساتھ ساتھ منشیات کے اڈوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھی سخت کارروائیاں کرنے کا عہد کیا۔

انہوں نے کہا کہ پشین میں منشیات کے اڈوں کو ختم کرنا اور جرائم پیشہ عناصر کو پکڑنا ہماری اولین ترجیح ہوگی۔ ان کے خلاف بھرپور کارروائیاں کی جائیں گی تاکہ عوام کو ان کے منفی اثرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔ایس پی پشین عبدالعلیم اچکزئی نے بتایا کہ اشتہاری ملزمان کو ہر صورت میں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور کالی شیشے والی گاڑیوں اور اسلحہ کلچر کا قلع قمع کیا جائے گا۔

''جو افراد غیر قانونی اسلحہ رکھتے ہیں یا جرائم میں ملوث ہیں، ان کے خلاف سخت کارروائیاں کی جائیں گی۔ ہم ان عناصر کے خلاف بلا تفریق اقدامات اٹھائیں گے اور ان کا خاتمہ کریں گے۔ایس پی عبدالعلیم اچکزئی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پولیس کا مورال بلند کرنے اور تھانہ کلچر میں اصلاحات کے لیے بھی کام کریں گے تاکہ عوام کو تھانوں میں بہتر سلوک اور انصاف مل سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس کی کارکردگی میں اصلاحات اور تھانہ کلچر کی تبدیلی کے بغیر حقیقی ترقی ممکن نہیں ہے۔پولیس کو ایک ایسے ماحول میں کام کرنا ہوگا جہاں اخلاقی اقدار اور احترام کا خیال رکھا جائے، اور جہاں عوام کو عدالت کی طرح انصاف فراہم کیا جائے۔ میں چاہتا ہوں کہ ہمارے تھانوں کا ماحول ایسا ہو کہ لوگ وہاں آ کر اپنی شکایات کھل کر بیان کر سکیں، اور وہ یہ محسوس کریں کہ انہیں انصاف ملے گا۔

'' ایس پی پشین نے کہا کہ پولیس کا ہر اہلکار عوام کے لیے ایک قابل اعتماد اور ایماندار رہنما بنے گا۔ایس پی پشین نے پشین کے عوام کے بھرپور اعتماد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ''پشین کے عوام نے پولیس پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے اور ہمیں یقین ہے کہ عوام کی حمایت اور تعاون کے ساتھ ہم اپنے اہداف کو حاصل کر سکیں گے۔'' انہوں نے کہا کہ عوام کا یہ اعتماد پولیس کے لیے ایک بہت بڑی حوصلہ افزائی ہے، اور وہ اس اعتماد کو برقرار رکھنے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتوں کا استعمال کریں گے۔

عبدالعلیم اچکزئی نے کہا کہ کی اس پالیسی سے پولیس فورس کا مورال بلند ہوگا اور تھانہ کلچر میں اصلاحات کی بنیاد رکھی جائے گی، جس سے پشین کے عوام کو بہتر خدمات فراہم کی جا سکیں گی۔ ان کا مقصد پولیس کو ایک مضبوط، باوقار اور عوام کے قریب تر ادارہ بنانا ہے جو اپنے فرائض میں مکمل طور پر شفاف ہو ایس پی پشین عبدالعلیم اچکزئی نے مزید کہا کہ میرا عزم یہ ہے کہ پشین کو ایک مثالی ضلع بنائیں گے جہاں پولیس نہ صرف قانون کے مطابق کام کرے گی بلکہ عوامی خدمت کے تمام تقاضوں کو بھی پورا کرے گی، اور تھانہ کلچر میں بہتری کی مثال قائم کرے گی۔