افغان طالبان نے قتل کے جرم میں تین افراد کو سرعام سزائے موت دیدی

سزائوں پر اس وقت عمل کیا گیا جب مقتولین کے لواحقین نے مجرموں کو معاف کرنے سے انکار کردیا،رپورٹ

ہفتہ 12 اپریل 2025 11:05

کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اپریل2025ء)افعانستان میں طالبان حکومت نے قتل کے تین مجرموں کو سرعام سزائے موت دے دی۔عرب ٹی وی کے مطابق عدالت نے پلیٹ فارم ایکس پر اعلان کیا کہ دو افراد کو مقتولین کے ایک رشتہ دار نے وسطی صوبہ بادغیس کے دارالحکومت قلعہ نو میں لوگوں کے سامنے سر عام گولی مار کر قتل کردیا۔ تیسرے شخص کو نمروز صوبے کے دار الحکومت زرنج میں موت کی نیند سلا دیا گیا۔

(جاری ہے)

افغانستان کی سپریم کورٹ نے اعلان کیا ہے کہ طالبان نے جمعہ کو قتل کے مجرم تین افراد کو سزائے موت دے دی ہے۔ اس طرح طالبان کی اقتدار میں واپسی کے بعد سے سرعام سزائے موت پانے والے مردوں کی تعداد 10 ہو گئی ہے۔عدالت نے اپنے بیان میں کہا کہ دوسرے مردوں کو گولی مارنے پر ان مجرموں کے مقدمات کو بڑی باریکی سے اور بار بار جانچا گیا تھا۔ یہ سزائیں بدلے کے طور پر دی گئیں۔ سزائوں پر اس وقت عمل کیا گیا جب مقتولین کے لواحقین نے مجرموں کو معاف کرنے سے انکار کردیا۔