مذاکرات کس سے ہو رہے ہیں اس کا بہتر جواب سیاسی جماعتوں ہی بتا سکتی ہیں، شیخ رشید

36 ہزار کیسز ہیں، 25 ہزار مفرور ہیں، 9 مئی کے ٹرائل ہورہے ہیں ہمیں چارج شیٹیں دی گئی ہیں، کچھ کی آج دے دیں گے، سربراہ عوامی مسلم لیگ کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 12 اپریل 2025 13:10

مذاکرات کس سے ہو رہے ہیں اس کا بہتر جواب سیاسی جماعتوں ہی بتا سکتی ہیں، ..
راولپنڈی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12اپریل 2025)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ مذاکرات کس سے ہو رہے ہیں اس کا بہتر جواب سیاسی جماعتوں ہی بتا سکتی ہیں،ہم نے بھی سنا ہے مذاکرات ہو رہے ہیں، 4 مہینے میں نو مئی کے کیسز کا ٹرائل مکمل ہونا مشکل ہے،راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ36 ہزار کیسز ہیںجس میں سے 25 ہزار مفرور ہیں۔

9 مئی کے ٹرائل ہورہے ہیں ہمیں چارج شیٹیں دی گئی ہیں، کچھ کی آج دے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حالات بہتر ہونے چاہئیں اور ملک کو آگے جانا چاہیے۔بجلی کی قیمتوں میں عوام کو ریلیف ملنے کے سوال پر سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اس کے بارے میں سنا ہے۔

(جاری ہے)

شیخ رشید کایہ بھی کہنا تھا کہ ملک میں عام آدمی کے حالات بہتر ہونے چاہئیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ روز بھی عدالت میں گفتگو کرتے ہوئے سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا تھا کہ وقت آئے گا تو بولیں گے، ابھی بولنے کا موسم نہیں تھا۔

انہوں نے شکوہ کرتے ہوئے کہا تھاکہ تیسری مرتبہ عدالت آیا تھا لیکن اس بار بھی کیس سماعت کیلئے نہیں لگاتھا۔ سمجھ سے باہر ہے ایسا کیوں ہو رہا تھا۔قبل ازیں بھی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ جو سمجھ رہے تھے نئے سال میں تبدیلی آ جائے گی انہیں بتا دوں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ہر طرف اندھیرا ہی اندھیرا تھا دعا کریں روشنی ہو جائے۔جو لوگ جیل میں ملاقات نہیں کروا سکتے وہ مذاکرات کا نتیجہ کیا نکالیں گے؟،انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ میں نے بڑوں سے اپیل کی تھی کہ غریبوں کو چھوڑ دیں وہ دعا دیں گے۔

حالات بہتر ہوتے نظر نہیں آرہے کیونکہ ہر طرف اندھیرا تھا۔مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کی کوئی سننے والا نہیںتھا۔انہوں نے کہا تھاکہ 36 ہزار مقدمات 4 ماہ میں کیسے مکمل ہوں گے؟ ان مقدمات کا 4 ماہ میں پایہ تکمیل تک پہنچانا کافی مشکل تھا۔ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ میرا عمرے کا سفر بہترین رہاتھا۔