سری نگر جموں شاہراہ پرحفاظتی اقدامات مزید سخت،ریلوے لائن کے افتتاح سے قبل ضلع ریاستی میں سخت سکیورٹی انتظامات

ہفتہ 12 اپریل 2025 14:53

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اپریل2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انتظامیہ نے سری نگر جموں شاہراہ پر حفاظتی اقدامات مزید سخت کردیے ہیں جس سے شہریوںکی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انتظامیہ نے کٹھوعہ اور ادھمپور اضلاع میں شاہراہ کے اہم مقامات پر بھارتی فوج، سینٹر ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) اور پولیس کے اضافی اہلکار تعینات کردیے ہیں۔

(جاری ہے)

شاہراہ پر مزید چوکیاں قائم کی گئی ہیں ۔ بھارتی فورسز اہلکار گاڑیوں ،مسافروں اور راہگیروںکی سخت تلاشی لے رہے ہیں۔فورسز اہلکار سراغ رساں کتوں کا بھی استعمال کر رہے ہیں۔ جموں سے وادی کشمیر کی طرف جانے والی گاڑیوں کی انتہائی باریک بینی سے تلاشی لی جا رہی ہے۔دریں اثنا ادھمور سرینگر ریلوےے لائن کے افتتاح سے قبل جموںخطے کے ضلع ریاسی میں بھی حفاظتی اقدامات انتہائی سخت کر دیے گئے ہیں۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی 19اپریل کو ریلوے لائن کا افتتاح کریں گے۔