پی ایس ایل 10، پشاور زلمی کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ

میچز قذافی سٹیڈیم، لاہور، راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم اور نیشنل بینک سٹیڈیم ،کراچی میں کھیلے جائیں گے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 12 اپریل 2025 15:03

پی ایس ایل 10، پشاور زلمی کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف ٹاس جیت کر بولنگ ..
راولپنڈی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 12 اپریل 2025ء) پاکستان سپر لیگ 10 کے دوسرے مقابلے میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے باولنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 
 پاکستانی شائقین کے دلوں کے قریب پی ایس ایل 10 کا راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ایک رنگارنگ تقریب سے آغاز ہوگیا، پی ایس ایل 10 کے میچز قذافی سٹیڈیم، لاہور، راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم اور نیشنل بینک سٹیڈیم ،کراچی میں کھیلے جائیں گے۔

قذافی سٹیڈیم، لاہور 18 مئی کو ہونے والے فائنل کی میزبانی کرے گا۔ 
اسلام آباد یونائیٹڈ واحد ٹیم ہے جس نے پی ایس ایل تین مرتبہ ( 2016ء، 2018ء، 2024ء) جیتی ہے جبکہ لاہور قلندرز نے دو مرتبہ ( 2022ء، 2023ء) ٹائٹل جیتا ہے۔ 
پی ایس ایل 10 میں کرکٹ کے دنیا کے کئی بڑے نام کمنٹری میں نظر آئیں گے جن میں انگلینڈ کے سابق کپتان سر الیسٹر کک اور ایم سی سی کے سابق صدر مارک نکولس کے نام قابل ذکر ہیں۔

(جاری ہے)

پی ایس ایل میں شائقین کی دلچسپی کے لیے مختلف اقدامات کیے گئے ہیں جن میں پہلی مرتبہ ہر میچ میں مکمل اردو کمنٹری ، میچوں کے دوران ریفل ٹکٹ کے ذریعے انعامات اور نئی جدت کے ساتھ پلیئر ٹریکنگ ٹیکنالوجی کا متعارف کرایا جانا شامل ہے۔ 
ناظرین اس پی ایس ایل میں 32 کیمروں اور جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ کوریج کے اعلی معیار سے لطف اندوز ہوسکیں گے اور یہ ایونٹ مختلف چینلز اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے دنیا بھر میں دیکھا جاسکے گا۔

 
دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کہاکہ اسلام آباد یونائیٹڈ اپنے شائقین کے سامنے اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے پرجوش ہے۔ آپ کو اس سیزن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا ایک مختلف روپ دیکھنے کو ملے گا، دفاعی چیمپئن ہونے کے ناتے ہم اس سیزن میں بھی مستقل مزاج کارکردگی کو جاری رکھنے کی کوشش کرینگے۔ 
ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے کہاکہ ایچ بی ایل پی ایس ایل ایک بہت بڑا برانڈ بن چکی ہے کہ ملک کے ہر خاندان میں مختلف ٹیموں کے سپورٹرز ہیں جبکہ تمام شائقین اس لیگ کا پورا سال انتظار کرتے ہیں،جو بھی ٹورنامنٹ جیتے گا وہ اس ملک کے لیے کامیاب ہوگا۔

 
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سعود شکیل نے کہا کہ گزشتہ چند سیزن کوئٹہ کے لیے اچھے نہیں رہے اور دیگر تمام ٹیموں کی طرح ہم نے بھی معیاری اسکواڈ کو جمع کرنے کی پوری کوشش کی ہے، ہم اس بار اچھا کھیلنے اور شائقین کی تفریح کے لیے پر امید ہیں۔ 
لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کا ایک اہم مقصد معیاری کھلاڑیوں کی تیاری اور انہیں سامنے لانا رہا ہے اور ہم لیگ کے 10ویں ایڈیشن میں بھی اس مقصد پر قائم رہیں گے، امید ہے کہ ہماری ٹیم اس سیزن میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

 
پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ اس سیزن میں ہم اس بات پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں کہ ہم نے پچھلے دو ایڈیشنز میں کیا کھویا اور انہی غلطیوں کو نہ دہرایا جائے۔ ہم نے بولنگ اور بیٹنگ دونوں شعبوں میں اپنا مرکز مضبوط کیا ہے تاکہ ہم کھیل کے کسی بھی مرحلے پر جدوجہد نہ کریں۔ 
کراچی کنگز کے نائب کپتان حسن علی نے کہاکہ کراچی کنگز نے اپنی بیٹنگ میں فائر پاور لانے کے لیے اپنا کامبی نیشن تبدیل کیا ہے اور ہم ابتدا ہی سے جارحانہ انداز میں کھیلنے کا ارادہ رکھتے ہیں کیونکہ پاور پلے آپ کے جیتنے کے امکانات کو بڑھانے کی کلید ہے۔