شانگلہ ڈی پی او کے کانوائے کے قریب ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ ،کوئی جانی نقصان نہیں ہوا

ہفتہ 12 اپریل 2025 20:35

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اپریل2025ء)ضلع شانگلہ کے علاقے چوگا میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شانگلہ شاہ حسن خان کے کانوائے کے قریب ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ کیا گیا۔ تاہم واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ڈی ایس پی پورن سرکل اکبرحیات خان نے بتایا کہ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب دہشت گردوں نے پولیس چوکی شیکولء پر حملہ کیا تھا۔

پولیس کے جوانوں نے اس حملے کو پسپا کردیا تھا اور حملہ اور فرار ہوگئے تھے۔

(جاری ہے)

ڈی ایس پی اکبر نے بتایا کہ اس واقعے کے بعد ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شانگلہ شاہ حسن خان نے متاثرہ چوکی کا دورہ کیا۔ ڈی پی او شانگلہ کے قافلے کو واپسی پر شیکولئی کے قریب دوہ خوڑو کے مقام پر ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا۔ تاہم ڈی پی او شانگلہ شاہ حسن خان ، ڈی ایس پی اکبر حیات خان کی گاڑیاں اس حملے میں محفوظ رہیں اور سپیشل برانچ کے اہلکاروں کی پرائیوٹ گاڑی اور ایک پولیس موبائل گاڑی کو نقصان پہنچا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی اور پورے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔