میئر حیدرآباد کا شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی باقاعدگی سے فراہمی نہ ہونے کی شکایات کا نوٹس

ہفتہ 12 اپریل 2025 21:50

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اپریل2025ء) میئر حیدرآباد کاشف علی شورو نے شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی باقاعدگی سے فراہمی نہ ہونے کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے حیدرآباد واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر طفیل احمد ابڑو سے شہر میں پینے کے پانی کی دستیابی کی شکایات پر بات چیت کی اور انہیں احکامات دیئے کہ وہ تمام فلٹر پلانٹس کا وزٹ کرکے شہر میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے۔

سی ای او طفیل احمد ابڑو نے میئر حیدرآباد کو بتایا کہ ادارے کی جانب سے پانی کی عدم فراہمی کی وجوہ کو فوری دور کیا جائے گا تاہم اس عدم فراہمی میں سب سے بڑی وجہ فلٹر پلانٹس پر بجلی کی ضرورت سے زیادہ لوڈ شیڈنگ بھی ہے جس کی وجہ سے ہمارے فلٹر پلانٹس سے پانی کی سپلائی متاثر ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

مئیر حیدرآباد کاشف علی شورو نے اس سلسلے میں فوری طور پر حیسکو چیف فیض اللہ ڈاہری سے ٹیلی فون پر بات چیت کی اور انہیں شہر کے تمام فیڈر پر غیرضروری لوڈ شیڈنگ سے گریز کرنے کی تاکید کی، انہوں نے کہا کہ بجلی کی زیادہ لوڈ شیڈنگ کے باعث فلٹر پلانٹس پر پانی کی سپلائی کا کام متاثر ہوتا ہے اور بڑھتی ہوئی گرمی میں شہریوں کو پینے کے پانی کی عدم قلت کی شکایاتوں میں اضافہ ہو رہا ہے، حیسکو چیف نے میئر حیدرآباد کاشف علی شورو کو یقین دہانی کرائی کے وہ اس ضمن میں ضروری اقدامات کر کے اس مسئلہ کو حل کریں گے۔

میئر حیدرآباد کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے حیدرآباد واٹراینڈ سیوریج کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر طفیل احمد ابڑو نے میئر کے فوکل پرسن نور محمد تالپور ، اپنے اسٹاف انجینئر صابر قریشی اور نیو ٹریٹمنٹ پلانٹ جامشورو کے انجینئر اصغر علی خواجہ کے ساتھ شہر کے مختلف فلٹر پلانٹس کا دورہ شروع کیا اور گھانگرا موری ، پریٹ آباد اور ہالہ ناکہ فلٹر پلانٹس کا دورہ کر کے پانی کی عدم فراہمی کے معاملے کا تفصیلی جائزہ لیا اور موقع پر عملے کو شہر کے تمام علاقوں میں پانی کی قلت کی بڑھتی ہوئی شکایات کا ازالہ کرنے کے حوالے سے تمام علاقوں میں ہر ممکن طور پر صاف شفاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایات دی۔

متعلقہ عنوان :