اوورسیز پاکستانی ہمارے ہیرو ہیں،اوورسیز پاکستانی کنونشن کا مقصد قومی یکجہتی ہے،عون چوہدری

ہفتہ 12 اپریل 2025 22:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اپریل2025ء) وزیر مملکت برائے سمندر پار پاکستانیز عون چوہدری نے کہا ہےکہ آئندہ اوورسیز پاکستانی کنونشن کا انعقاد پارٹی یا سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر خالصتاً قومی مفاد میں کیا جا رہا ہے۔ہفتہ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی تارکین وطن ہمارے ہیرو ہیں، کنونشن کا انعقاد ان کی گراں قدر خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کنونشن ہر پاکستانی کا ہے ،چاہے اس کی وابستگی کسی بھی سیاسی جماعت سے ہو، اس کا نعرہ 'ہم پاکستانی- ہمارا پاکستان' اتحاد، فخر اور قومی یکجہتی کی عکاسی کرتا ہے۔بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو قوم کاحقیقی سفیر قرار دیتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ ان کی انتھک محنت اور ان کی بھیجی گئی ترسیلات زرپاکستان کی معیشت کیلئے اہمیت کی حامل ہیں۔

(جاری ہے)

غلط معلومات پھیلانے پر پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے عون چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت کو قوم میں تفرقہ پیدا کرنے کے بجائے ملک کے بارے میں سوچنا چاہیے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سمیت تمام اتحادی جماعتیں پاکستان کی خوشحالی کے لیے ایک ٹیم کے طور پر کام کرنے کے لیے متحد ہیں،بلاشبہ پیپلزپارٹی حکومتی اتحاد میں اہم اسٹیک ہولڈر ہے ،پیپلزپارٹی کی قیادت کی رائے کا احترام کیا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری توجہ گورننس کی بہتری اور کارکردگی پر مرکوزہے۔