Live Updates

تحریک انصاف کا عمران خان سے ملاقات کیلئے 5 رکنی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ

فہرست کے علاوہ کوئی بھی فرد چیئرمین عمران خان سے ملاقات نہیں کرے گا، ایسا کرنے والا پارٹی ڈسپلن اور مقرر کردہ قاعدے کا منحرف تصور ہوگا؛ ترجمان پی ٹی آئی کا اعلامیہ

Sajid Ali ساجد علی اتوار 13 اپریل 2025 15:04

تحریک انصاف کا عمران خان سے ملاقات کیلئے 5 رکنی کمیٹی تشکیل دینے کا ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 اپریل 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان سے ملاقات کیلئے 5 رکنی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک کی موجودہ مجموعی صورتحال سمیت مختلف اہم امور پر تفصیل سے گفتگو کی گئی، اجلاس میں متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ چیئرمین عمران خان سے ملاقات کے لیے ایک پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی جائے گی، یہ کمیٹی ہر منگل اور جمعرات کے روز چیئرمین عمران خان سے ملاقات کرنے والوں کے ناموں کی فہرست مرتب کرے گی جہاں تک ممکن ہوا ایک میٹنگ میں اگلی میٹنگ کی فہرست کی منظوری چیئرمین عمران خان سے لی جائے گی۔

مرکزی سیکریٹری اطلاعات پاکستان تحریک انصاف شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ فہرست عمران خان کے نامزد تین فوکل پرسنز گوہر علی خان، سلمان اکرم راجہ اور انتظار پنجھوتہ میں سے کسی ایک کے ذریعے جیل حکام کو ارسال کی جائے گی، یہ طریقہ چیئرمین عمران خان کی ہدایت اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کے مطابق ہے، اجلاس میں واضح کیا گیا کہ فہرست کے علاوہ کوئی بھی فرد چیئرمین عمران خان سے ملاقات نہیں کرے گا، ایسا کرنے والا پارٹی ڈسپلن اور مقرر قردہ قاعدے کا منحرف تصور ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فہرست میں دیئے گئے افراد میں سے کسی فرد کو انتظامیہ کی جانب سے روکے جانے کی صورت میں باقی افراد عمران خان سے زیر احتجاج ملاقات کر سکتے ہیں، ایسی صورت میں جیل حکام کے خلاف فوری طور پر توہین عدالت کی پیٹیشن دائر کی جائے گی، تاہم خیبر پختونخواہ کے حکومتی عہدیداروں کو اس حوالے سے استثنیٰ حاصل ہوگا، وہ کسی بھی دن اور کسی بھی وقت عمران خان سے ملاقات کے لیے آزاد ہوں گے، اس کے لیے پانچ رکنی کمیٹی کی فہرست کی پابندی لازم نہیں ہوگی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات