شیر افضل مروت کی قیادت میں پی ٹی آئی کے 15 ایم این ایز حکومت کے ساتھ جُڑ چکے ہیں، اختیار ولی کا دعویٰ

پی ٹی آئی سوشل میڈیا مہم کے ذریعے جھوٹے بیانیے پھیلا رہی ہے اور باقاعدہ ایک سازش کے تحت قوم کو گمراہ کر رہی ہے؛ مسلم لیگ ن کے رہنماء کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی اتوار 13 اپریل 2025 15:14

شیر افضل مروت کی قیادت میں پی ٹی آئی کے 15 ایم این ایز حکومت کے ساتھ جُڑ ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 اپریل 2025ء ) وزیراعظم کے خیبر پختونخواہ سے متعلق امور کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی خان نے دعویٰ کیا ہے کہ شیر افضل مروت کی قیادت میں پی ٹی آئی کے 15 ایم این ایز حکومت کے ساتھ جُڑ چکے ہیں جو نہیں چاہتے کہ حکومت جائے، اس کے علاوہ مزید دو دھڑے اور بھی ہیں۔ اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ قوم ان کے جھوٹے بیانیے اور پرخطر تجربات کی متحمل نہیں ہو سکتی جو ملک کے معاشی استحکام اور ترقی کو نقصان پہنچا سکتے ہیں، پی ٹی آئی سوشل میڈیا مہم کے ذریعے جھوٹے بیانیے پھیلا رہی ہے اور باقاعدہ ایک سازش کے تحت قوم کو گمراہ کر رہی ہے تاہم ان کی فریب کارانہ حکمت عملیاں عوام میں بے نقاب ہو رہی ہیں اور انہیں پروپیگنڈہ پھیلانے کا مزید موقع نہیں دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ن کے رہنماء نے کہا کہ قوم پی ٹی آئی کی غلط معلومات سے تیزی سے آگاہ ہو رہی ہے، پی ٹی آئی اپنے اعمال کی جوابدہ ہوگی، پی ٹی آئی کی جانب سے جھوٹ اور غلط معلومات کے ذریعے رائے عامہ کو متاثر کرنے کی کوششوں کو مزید برداشت نہیں کیا جائے گا، لگتا ہے کہ پی ٹی آئی غیر ملکی عناصر کی مدد کی کوشش کر رہی ہے، پی ٹی آئی کی قیادت خودغرض ہے جو اپنے مفادات کو ملک کی بھلائی پر ترجیح دیتی ہے۔

ختیار ولی نے مسلم لیگ ن کی حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پارٹی دانشمندانہ فیصلے کر رہی ہے اور ملک کو ترقی کی طرف لے کر جا رہی ہے، حکومت نے معیشت کو مستحکم کیا ہے، بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے اور شہریوں کے مجموعی معیار زندگی میں بہتری کے لیے حکومت کی کوششیں جاری ہیں، پاکستان مسلم لیگ ن کی پالیسیوں اور اقدامات کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں جو پاکستان کو پائیدار ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کر رہے ہیں۔