استاد علم کا چراغ ہیں جو بچوں کو تاریکی میں راہ دکھاتے ہیں وفاقی وزیر

اتوار 13 اپریل 2025 17:10

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اپریل2025ء) وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت اور سماجی تحفظ پیرسید عمران احمد شاہ ولی نے کہا ہے کہ ٹیچرعلم کا چراغ ہیں جو بچوں کو تاریکی میں راہ دکھاتے ہیں۔ استاد وہ قابل احترام ہستی ہے جو لوگوں کو درس و تدریس کے ذریعے علم کی روشنی سے منور کرتا ہے اور انہیں جہالت کے اندھیروں سے نکال کر شخصیت و کردار کی تعمیر کرتا ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار گورنمنٹ گریجویٹ کالج ساہیوال میں ٹیچرز آنرز ڈے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں وہ بطور مہمان خصوصی تھے۔ ممبر پنجاب اسمبلی ملک قاسم ندیم نے بطور مہمان اعزاز تقریب میں شرکت کی جبکہ پرنسپل پروفیسر ممتاز احمد وٹو سمیت اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔

(جاری ہے)

پیر سید عمران احمد شاہ ولی نے بتایا کہ وہ خود گورنمنٹ کالج کے طالب علم رہ چکے ہیں اور کالج کے ساتھ ان کی حسین یادیں وابستہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوئی معاشرہ علم کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت تعلیم کے شعبہ کی ترقی کے لئے متعدد اقدامات کررہی ہے اور بچوں کو سکالرشپس اور لیپ ٹاپ تقسیم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ بچوں کو دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم بھی فراہم کریں۔ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے ملک قاسم ندیم نے کہا کہ استاد روحانی والدین کا درجہ رکھتے ہیں اور شاگردان کی روحانی اولاد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ استاد اپنے شاگردوں کو علم کے زیور سے آراستہ کرتے ہیں اور ان کی اخلاقی تربیت کا فریضہ انجام دیتے ہیں اس لئے شاگراپنے استاد کا جتنا بھی احترام کریں کم ہے۔تقریب سے پرنسپل پروفیسر ممتاز وٹو نے بھی خطاب کیا اور کالج کی کامیابیوں بارے تفصیلی بتایا۔ تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی پیر سید عمران احمد شاہ اورملک قاسم ندیم نے اساتذہ میں تعریفی سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے۔\378