حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے قائم مقام صدر احمد ادریس چوہان نے حیسکو کی طرف سے موسم گرما کے آغاز کے ساتھ ہی لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں غیر معمولی اِضافے اور ناقص حکمت عملی پر شدید تشویش کا اِظہار

اتوار 13 اپریل 2025 19:40

Zحیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اپریل2025ء) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے قائم مقام صدر احمد ادریس چوہان نے حیسکو کی طرف سے موسم گرما کے آغاز کے ساتھ ہی لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں غیر معمولی اِضافے اور ناقص حکمت عملی پر شدید تشویش کا اِظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے سے اعلان کردہ 10 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ اًب بڑھا کر 12 گھنٹے کر دی گئی ہے، جبکہ اِس کے ساتھ ساتھ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے بھی عوام اور کاروباری برادری کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ کر دیا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ اًذیت ناک صورتحال شام 5 بجے سے رات 10 بجے کے درمیان پیدا ہوتی ہے جو کہ کاروباری سرگرمیوں کا اہم ترین وقت ہوتا ہے اُس دوران بجلی کی بندش نے دُکانداروں اور چھوٹے صنعتکاروں کو شدید نقصان سے دو چار کیا ہے۔

(جاری ہے)

اِس کے علاوہ شہر کے مختلف فیڈرز کی بار بار ٹرپنگ بھی معمول بن چکی ہے جس سے نہ صرف کاروبار متاثر ہو رہا ہے بلکہ عام شہریوں کو بھی سخت پریشانی کا سامنا ہے۔

قائم مقام صدر احمد ادریس چوہان نے مزید کہا کہ حیسکو نے اِن شدید اور جھلسا دینے والے گرمی کے مہینوں میں بجلی کے نظام کی مرمت کا کام بھی شروع کر دیا ہے جو کہ ناقابل فہم اور اِنتہائی غیر ذمہ دارانہ فیصلہ ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ کام سردیوں میں بخوبی انجام دیا جا سکتا تھا مگر ناقص منصوبہ بندی اور نااہل اًفسران کی بد اِنتظامی کے باعث عوام کو سخت اًذیت کا سامنا ہے ۔

مرمتی کاموں کے باعث بھی کئی کئی گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جو حیسکو کی مجرمانہ غفلت کا ثبوت ہے۔ اُنہوں نے حیسکو چیف سے مطالبہ کیا کہ وہ اِس سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے لوڈشیڈنگ کے اوقات کا اًزسرِ نو جائزہ لیں، شام کے اہم کاروباری اوقات میں بجلی کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور مرمتی کام کو جلد اًز جلد مکمل کر کے عوام اور کاروباری برادری کو ریلیف فراہم کیا جائے ۔