بیرسٹر سیف نے صدر پاکستان کیخلاف بیان دے کر اپنا قد بڑا کرنے کی کوشش کی ،سید خورشید احمد شاہ

1ملک کو درپیش بہت اہم اور مشکل معاملات کو ہمیشہ خوش اسلوبی سے سلجھایا ہے اور وہ نہروں کے معاملے کو بھی اچھے طریقے سے سلجھا لیں گے،سینئر رہنما پیپلز پارٹی

اتوار 13 اپریل 2025 19:40

/ اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اپریل2025ء)پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما و ممبر قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ نے بیرسٹر محمد علی سیف کے صدر پاکستان آصفعلی زرداری کے خلاف اٴْن کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختون خواہ کے ترجمان نے صدر پاکستان کے خلاف بیان دیکر اپنا قد بڑا کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر پاکستان نے ملک کو درپیش بہت اہم اور مشکل معاملات کو ہمیشہ خوش اسلوبی سے سلجھایا ہے اور وہ نہروں کے معاملے کو بھی اچھے طریقے سے سلجھا لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ترجمان خیبر پختون خواہ کی عوام کو پی ٹی آئی حکومت کے پیدا کردہ بہت سنگین مسائل کا سامنا ہے اور اگر وہ دوسروں پر کیچڑ اچھالنے کی بجائے ان مسائل پر توجہ دیں تو خیبر پختون خواہ کے عوام کیلئے بہتر ہوگا۔

(جاری ہے)

خورشید شاہ نے کہا خیبر پختون خواہ کی حکومت اپنی معاشی اور انتظامی ناکامیوں پہ پردہ ڈالنے کی ناکام کوشش میں دوسروں کو نشانہ بناتی ہے اور ان کے اس طرز عمل سے صوبہ بے شمار مسائل کا شکار ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نہروں کا معاملہ سندھ اور وفاق کے درمیان ہے اور اس معاملے پر ترجمان خیبر پختون خواہ کی بیان بازی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت صدر آصفعلی زرداری کی بیماری کی بات اس انداز میں کرنا انسانیت اور سیاست دونوں کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست کی آڑ میں ذاتی حملے ایک صوبے کے ترجمان کے منصب اور مرتبے کے بھی خلاف ہیں اور وزیر اعلی خیبر پختون خواہ کو اس بیان کا نوٹس لیتے ہوئے اس بیان پر معذرت کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست کو ذاتیات میں بدلنے کے نتائج کبھی اچھے نہیں ہوتے اور پی ٹی آتی اس حقیقت سے اچھی طرح باخبر ہے۔