مذہبی رہنماؤں کی ٹارگٹ کلنگ میں شریک ملزمان جلد گرفتار کئے جائیں گے،آئی جی خیبرپختونخوا کی انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ پاکستان کویقین دہانی

اتوار 13 اپریل 2025 19:45

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اپریل2025ء)آئی جی خیبر پختونخواہ ذوالفقار حمید سے انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ پاکستان کے جنرل سیکرٹری صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی کی ملاقات جس میں سی پی او پشاور قاسم علی خان، خیبر پختونخواہ کے امیر مولانا الیاس فداء، پنجاب کے امیر قاری احمد علی ندیم،مولانا عبدالرحمن، مفتی محمد حسین،مفتی شعیب ندیم بھی موجود تھے۔

آئی جی خیبر پختونخواہ ذوالفقار حمید نے کہا کہ مذہبی رہنماؤں کی ٹارگٹ کلنگ میں شریک ملزمان جلد گرفتار کئے جائیں گے۔ خیبر پختونخواہ میں بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے۔ خاص طور پر علماء کرام کی ٹارگٹ کلنگ کے ملزمان کو پکڑنا اولین ترجیح ہے۔ جنرل سیکرٹری انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ پاکستان صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے مطالبہ کیا ہے کہ انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ خیبر پختونخواہ کے جنرل سیکرٹری مولانا اعجاز عابد سمیت صوبہ بھر میں علماء کی ٹارگٹ کلنگ میں شامل مجرموں کو گرفتار کیا جائے۔

(جاری ہے)

رمضان المبارک میں اور اس کے بعد بھی آئے روز علماء کی ٹارگٹ کلنگ بالخصوص پشاور میں انتہائی قابل تشویش ہے، جبکہ علماء کرام نے ہمیشہ اسلام اور استحکام پاکستان کی بات کی ہے۔قیام امن کیلئے تمام اداروں کے ساتھ ہمیشہ تعاون کیا ہے۔ معاشرے میں علماء کرام کا کرادار ہمیشہ مثبت رہا ہے۔ آئی جی خیبر پختونخواہ ذوالفقار حمید نے کہا کہ مذہبی رہنماؤں کی ٹارگٹ کلنگ میں شریک ملزمان جلد گرفتار کئے جائیں گے۔

کے پی کے پولیس کی جانب سے بلا تفریق تمام مذہبی رہنماؤں کے تحفظ کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جارہا ہے، جس کیلئے سنجیدگی کے ساتھ تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ اس موقع پر آئی جی کے پی کی کی خدمت میں تحریک تحفظ ختم نبوت اور مولانا محمد ضیاء القاسمی ؒ کتاب پیش کی گئی۔ صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی جنرل سیکرٹری انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ پاکستان نے وفد کے ہمراہ قاری اعجاز عابد شہید کے گھر تعزیت کی اور مرحوم کی بلندی درجات کیلئے دعا کی۔