چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا پروفیسر خورشید احمد کے انتقال پر دکھ وافسوس کا اظہار

اتوار 13 اپریل 2025 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اپریل2025ء) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے جماعت اسلامی کے سابق ڈپٹی چیف پروفیسر خورشید احمد کے انتقال پر گہرے دکھ و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کی قومی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اتوار کو سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری اپنے مشترکہ تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ پروفیسر خورشید احمد کی علمی بصیرت، نظریاتی وابستگی اور تعمیری کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ مرحوم کی سیاسی، مذہبی و سماجی خدمات ملک و ملت کے لیے ایک روشن مثال ہیں، ان کی فکری رہنمائی آئندہ نسلوں کے لیے مشعلِ راہ بنی رہے گی۔پروفیسر خورشید احمد کا شمار پاکستان کے ان گنے چنے دانشوروں میں ہوتا تھا جنہوں نے نہ صرف معیشت کے میدان میں گراں قدر خدمات سرانجام دیں بلکہ اسلامی نظریات کے فروغ اور پالیسی سازی میں بھی کلیدی کردار ادا کیا۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے پروفیسر خورشید احمد کی سیاسی خدمات اور قانون سازی میں اہم کردار کو خراج عقیدت پیش کیا۔