اقتصادی تعاون تنظیم کے اعلی سطح کے وفد کا پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی ہیڈکوارٹرز کا دورہ

اتوار 13 اپریل 2025 21:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اپریل2025ء) اقتصادی تعاون تنظیم کے 10 رکن ممالک پر مشتمل اعلی سطح کے وفد نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی، لاہور ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ وفد میں 25 سے زائد سفیروں اور نمائندگان شامل ہیں جس کی قیادت ای سی او کے سیکرٹری جنرل ریٹائرڈ اسد مجید خان نے کی۔ منیجنگ ڈائریکٹر سیف سٹی محمد احسن یونس نے وفد کا استقبال کیا اور سمارٹ اینڈ سیف سٹیز پراجیکٹ پر تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ میں وفد کو لاہور میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، جدید سرویلنس سسٹم اور محفوظ شہری و سیاحتی ماحول کی فراہمی سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ وفد نے کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کا دورہ میں شہر کے اہم سیاحتی و تاریخی مقامات کی لائیو مانیٹرنگ کا مشاہدہ کیا۔ اس موقع پر مہمانوں کو بتایا گیا کہ شہریوں اور غیر ملکی سیاحوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے جدید آرٹیفیشل انٹیلیجنس ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

ای سی او وفد کو ایمرجنسی ہیلپ لائن 15، فیشل ریکگنائزیشن سسٹم، پاکستان کے پہلے ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن، چائلڈ پروٹیکشن سنٹر اور ورچوئل بلڈ بینک کا بھی دورہ کروایا گیا۔ سیف سٹی ترجمان کے مطابق ای سی او وفد نے اتھارٹی کے نظام کو خطے کے لیے رول ماڈل قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان سیاحت کے لیے ایک محفوظ ترین ملک بن چکا ہے۔