معروف اسلامی اسکالر، ماہر معاشیات اور جماعت اسلامی کے سابق نائب امیر پروفیسر خورشید احمد انتقال کر گئے

اتوار 13 اپریل 2025 23:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اپریل2025ء) معروف اسلامی اسکالر، ماہر معاشیات اور جماعت اسلامی کے سابق نائب امیر پروفیسر خورشید احمدبرطانیہ کے شہر لیسٹر میں انتقال کر گئے، ان کی عمر 93 برس تھی۔ مرحوم ایک ممتاز ماہر تعلیم اور پالیسی ساز شخصیت تھے جنہوں نے ہمیشہ پاکستان کی نظریاتی اور معاشی سمت کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کیا۔

پروفیسر خورشید احمد نے 1949 میں اسلامی جمعیت میں شمولیت اختیار کی اور زندگی بھر جماعت اسلامی سے وابستہ رہے۔ انہوں نے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی کی حیثیت سے خدمات انجام دیں اور تین بار سینیٹ آف پاکستان کے رکن منتخب ہوئے ، انہوں نے قانون سازی اور قومی ترقیاتی پالیسیوں میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کی تاحیات خدمات کے اعتراف میں انہیں2011 میں پاکستان کے سب سے بڑے سول اعزاز نشان امتیاز سے نوازا گیا اور 1990 میں اسلام کی خدمت کے لیے شاہ فیصل انٹرنیشنل پرائز سے نوازا گیا۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی پاکستان کے سابق نائب امیر بزرگ سیاست دان اور سابق سینیٹر پروفیسر خورشید احمد مولانا سید ابو الاعلی مودودی کے قریبی ساتھیوں میں سے ایک تھے ۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان، سابق امیر جماعت سراج الحق، سیکریٹری جنرل امیر العظیم، نائب امرا اور حافظ ادریس سمیت جماعت اسلامی کے مرکزی رہنمائوں نے مرحوم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔