سوڈان: پناہ گزینوں کے الفاشر کیمپ پر حملے کی کڑی مذمت

یو این پیر 14 اپریل 2025 01:45

سوڈان: پناہ گزینوں کے الفاشر کیمپ پر حملے کی کڑی مذمت

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 14 اپریل 2025ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے سوڈان کے شہر الفاشر پر حملے کی سخت مذمت کی ہے جس میں شہریوں کی بڑی تعداد میں ہلاکتوں کی اطلاع ہے۔ اس حملے میں زمزم پناہ گزین کیمپ کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے جہاں لاکھوں بے گھر لوگ مقیم ہیں۔

اطلاعات کے مطابق، سرکاری افواج کی مخالف 'ریپڈ سپورٹ فورسز' (آر ایس ایف) اور اس کی اتحادی ملیشیاؤں نے الفاشر اور زمزم کیمپ کے علاوہ قریبی شہر ابو شوک اور دیگر علاقوں پر بھی حملے کیے ہیں۔

Tweet URL

ان حملوں میں بین الاقوامی امدادی ادارے 'ریلیف انٹرنیشنل' کے نو اہلکاروں کی بھی ہلاکت ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

یہ کارکن زمزم کیمپ میں ایک طبی مرکز پر تعینات تھے جہاں وہ ضرورت مند لوگوں کو ہنگامی طبی امداد مہیا کر رہے تھے۔

90 امدادی کارکنوں کی ہلاکت

سوڈان میں دو سال سے جاری خانہ جنگی میں کم از کم ایک کروڑ 24 لاکھ لوگ بے گھر ہو چکے ہیں جن میں سے 33 لاکھ نے ہمسایہ ممالک میں پناہ لے رکھی ہے۔ اس عرصہ میں ہزاروں شہریوں کے علاوہ 90 سے زیادہ امدادی کارکن بھی ہلاک ہو چکے ہیں۔

اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن ڈوجیرک نے کہا ہے کہ الفاشر ایک سال سے زیرمحاصرہ ہے جہاں لاکھوں لوگ انسانی امداد سے محروم ہیں۔ زمزم کیمپ سمیت دو پناہ گاہوں میں قحط جیسے حالات ہیں جن کے باعث لاکھوں لوگوں کی زندگی خطرے میں ہے۔

بین الاقوامی قانون کی پامالی

سیکرٹری جنرل کا کہنا ہے کہ شہریوں کے خلاف اندھا دھند حملوں کی بین الاقوامی قانون کے تحت سختی سے ممانعت ہے۔

امدادی اہلکاروں اور طبی عملے کا احترام ہونا چاہیے اور اسے تحفظ ملنا چاہیے۔

انہوں نے امداد فراہم کرنے والوں پر حملوں کے ذمہ داروں کا محاسبہ یقینی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ زمزم کیمپ سمیت ایسی تمام جگہوں پر انسانی امداد کی فراہمی میں رکاوٹ نہ ڈالی جائے۔ جو لوگ اس علاقے میں رہنا چاہتے ہیں انہیں محفوظ طریقے سے رہنے کی اجازت ہونی چاہیے۔

جنگ بندی کا مطالبہ

سیکرٹری جنرل نے کہا ہے کہ 15 اپریل کو اس پرتشدد تنازع کے آغاز کو دو سال مکمل ہو رہے ہیں۔ متحارب فریقین پر لازم ہے کہ فوری طور پر جنگ روک دیں اور مشمولہ سیاسی عمل شروع کریں تاکہ سوڈان کو امن و استحکام کی راہ پر ڈالا جا سکے۔

سیکرٹری جنرل نے عالمی برادری سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اس پریشان کن خانہ جنگی کو روکنے کے لیے متحدہ کوششیں کرے۔

متعلقہ عنوان :