اسلام آباد،جی سی یونیورسٹی حیدرآباد کے وائس چانسلر کی چیئرمین ایچ ای سی سے ملاقات، جامعہ کی پیش رفت بارے تبادلہ خیال کیا

پیر 14 اپریل 2025 17:21

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اپریل2025ء) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی حیدرآباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر امجد علی آرائیں نے چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)اسلام آباد ڈاکٹر مختار احمد سے ملاقات کی جس میں جامعہ کے اہم امور اور تعلیمی معاملات بارے گفتگو کی گئی۔ ترجمان جی سی يونيور سٹی کے مطابق ملاقات کے دوران وائس چانسلر نے چیئرمین ایچ ای سی کو یونیورسٹی میں حالیہ پیش رفت، تعلیمی معیار، انفراسٹرکچر کی بہتری اور تحقیق کے فروغ کے حوالے سے کیے گئے اقدامات بارے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے جامعہ کے سٹریٹجک اہداف، کامیابیوں اور مستقبل کے منصوبوں پر روشنی ڈالی جن کا مقصد جامعہ کی ترقی ہے۔ چیئرمین ایچ ای سی نے وائس چانسلر کی کوششوں اور عزم کو سراہا اور یونیورسٹی کے وژن کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے ایچ ای سی کی جانب سے مکمل تعاون جاری رکھنے کا وعدہ کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے ایچ ای سی اسلام آباد کی ڈائریکٹر جنرل فنانس ثمینہ درّانی سے بھی ملاقات کی جس میں یونیورسٹی کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق مالی امور بارے بات چیت کی گئی۔

متعلقہ عنوان :