وانا،دوتانی قبیلے کے دو مغوی پولیس اہلکار شہید ، گرینڈ جرگہ طلب

حکومت قاتلوں کو فوری گرفتار کر کے نشان عبرت بنائے، علاقے میں مستقل قیام امن کیلئے موثر اقدامات کیے جائیں،عمائدین

پیر 14 اپریل 2025 20:10

وانا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اپریل2025ء)تحصیل توئے خلہ، ضلع لوئر جنوبی وزیرستان میں گزشتہ روز اغوا کئے گئے دو پولیس اہلکاروں، کانسٹیبل حمید شاہ دوتانی اور کانسٹیبل اشرف دوتانی، کو کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے شدت پسندوں نے بے دردی سے شہید کر دیا۔ دونوں اہلکاروں کی لاشیں برآمد کرلی گئیں جس سے پورے علاقے میں خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی۔

ذرائع کے مطابق عسکریت پسندوں نے گزشتہ روز پولیس اہلکاروں کے گھروں پر رات کی تاریکی میں چھاپہ مارا اور انہیں زبردستی اغوا کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا تھا۔ واقعے کے بعد دوتانی قبیلے نے روایتی لشکری نظام کے تحت جوابی کارروائی کرتے ہوئے تین شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا تھا، جس کے بعد صورتحال مزید سنگین ہو گئی۔

(جاری ہے)

اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ دونوں شہید اہلکاروں کی لاشوں پر تشدد کے واضح نشانات تھے، اس ہولناک واقعے کے بعد علاقے میں شدید کشیدگی پیدا ہو گئی ہے، اور مقامی افراد عدم تحفظ کا شکار ہو گئے ہیں۔

مقامی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ حالات پر قابو پانے اور قبائلی ردعمل کو مثر بنانے کے لیے ایک اہم گرینڈ جرگہ طلب کیا گیا ہے، جس میں ممکنہ جوابی لائحہ عمل اور امن و امان کی صورتحال پر مشاورت کی جائے گی۔دوسری جانب، دوتانی قبیلے کے عمائدین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قاتلوں کو فوری گرفتار کر کے نشان عبرت بنایا جائے اور علاقے میں مستقل قیام امن کیلئے موثر اقدامات کیے جائیں۔