مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے انٹرا پارٹی الیکشن 19 اپریل کو ہوں گے، سید ناصر عباس شیرازی

منگل 15 اپریل 2025 00:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2025ء) مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم ) پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی نے کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کا 16واں مرکزی کنونشن 19 اپریل( ہفتہ) کو منعقد ہوگا جس میں انٹرا پارٹی الیکشن ہونگے اور اگلے تین سال کے لیے نئے پارٹی چیئرمین کا انتخاب کیا جائے گا،میڈیا کے تمام نمائندوں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ آکر انٹرا پارٹی الیکشن کی شفافیت کے مبصر بنیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے پیر کو یہاں ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی ، علامہ عبدالخاق اسدی، سید اسد عباس نقوی، ملک اقرار حسین علوی، سید زاہد کاظمی، سلیم عباس صدیقی، علامہ ضیغم عباس اور آصف حسین کے ہمراہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

سید ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم الیکشن کمیشن آف پاکستان میں رجسڑڈ جماعت ہے،انٹرا پارٹی الیکشن جماعت کی دستوری اور الیکشن کمیشن کی جانب سے ایک آئینی ضرورت ہے، 19 اپریل کو مرکزی چیئرمین کے لئے اسلام آباد میں الیکشن ہو گا، تین نام پیش کئے جائیں گے ان پر انتخابات ہونگے، ووٹنگ کے لئے چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر، گلگت بلتستان سے کارکنان شریک ہوں گے، جیت کے لئے 51فیصد ووٹ درکار ہونگے، 20 اپریل کو نئے چئیرمین کے نام کا اعلان کیا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ مرکزی کنونشن میں عزاداری کانفرنس بھی ہو گی جس میں شہدائے اسلام پر بات ہوگی، جس سے سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، سینیٹر مشتاق احمد خان، علامہ سید علی رضا نقوی سمیت دیگر علمائے کرام خطاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ 20 اپریل (اتوار) کو استحکام پاکستان کانفرنس کا انعقاد ہو گا جس سے نومنتخب چیئرمین سمیت دیگر مذہبی و سیاسی جماعتوں کے مرکزی رہنما خطاب کریں گے۔