Live Updates

پاکستان سپر لیگ ، اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 102 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی

منگل 15 اپریل 2025 00:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2025ء) پاکستان سپر لیگ 10 کے اہم میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے صاحبزادہ فرحان کی شاندار سنچری کی بدولت پشاور زلمی کو 102 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔ یونائٹیڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 243 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔ صاحبزادہ فرحان نے 52 گیندوں پر 106 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔

پشاور زلمی کی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام رہی اور پوری ٹیم 141 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ محمد حارث نے 87 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ عماد وسیم نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ صاحبزادہ فرحان کو مرد میدان قرار دیا گیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی یہ مسلسل دوسری کامیابی ہے۔ پیر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پی ایس ایل کے پانچویں میچ میں دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 243 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

اوپنر صاحبزادہ فرحان نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے صرف 52 گیندوں پر 106 رنز بنائے جس میں 5 فلک شگاف چھکے اور 13 چوکے شامل تھے۔ ان کے علاوہ کولن منرو نے 40، سلمان آغا نے 30 ، جیسن ہولڈر نے 20 اور بین ڈوارشوئز نے 18 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ پشاور زلمی کی باؤلنگ مایوس کن رہی۔ الزاری جوزف اور حسین طلعت نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ دیگر باؤلرز بری طرح ناکام رہے۔

جواب میں پشاور زلمی کی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام رہی اور پوری ٹیم 18.2 اوورز میں 141 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ محمد حارث نے 42 گیندوں پر 87 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی مگر انہیں کسی اور بیٹر کا ساتھ نہ ملا۔ ان کی برق رفتار اننگز میں 4 چھکے اور 12 چوکے شامل تھے۔ کپتان بابر اعظم ایک، صائم ایوب 6، مچل اوین 10، ٹام کولہر کیڈمور 8، حسین طلعت 13، جارج لنڈے صفر، الزاری جوزف 2، سفیان مقیم ایک اور محمد علی 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اسلام آباد کے باؤلرز کی کاکردگی شاندار رہی۔ عماد وسیم نے 3، شاداب خان اور بین ڈوارشوئز نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ یہ فتح اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے نہ صرف پلے آف کی دوڑ میں اہم ثابت ہو سکتی ہے بلکہ نیٹ رن ریٹ کے لحاظ سے بھی فائدہ مند ہے۔
Live پی ایس ایل 10 سے متعلق تازہ ترین معلومات