انسداد دہشت گردی عدالت لاہور، پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کی عبوری ضمانت میں 13 مئی تک توسیع

منگل 15 اپریل 2025 13:56

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2025ء) لاہورکی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے نو مئی کے واقعات میں جناح ہائوس سمیت چار جلائو گھیرا وکے مقدمات میں پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کی عبوری ضمانتوں میں13 مئی تک توسیع کرتے ہوئے پولیس حکام کو آئندہ سماعت پر مقدمات ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے سماعت کی۔

(جاری ہے)

منگل کے روز سماعت پر اعظم سواتی عبوری ضمانتوں کی معیاد ختم ہونے پر عدالت میں پیش ہوئے اور اپنی حاضری لگائی۔ دوران سماعت پراسکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ مقدمات کا ریکارڈ سپریم کورٹ میں ہے اور وہیں ان کی ضمانتیں بھی زیر سماعت ہیں۔ عدالت نے استفسار کیا کہ ریکارڈ کب آئے گا جس پر پراسکیوٹر نے جواب دیا کہ جلد ریکارڈ بھیج دیا جائے گا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اعظم سواتی کی عبوری ضمانت میں تیرہ مئی تک توسیع کردی ۔