لاہور ہائیکورٹ ، زیر حراست ملزمان کی ویڈیو بنانے والے دو کانسٹیبلوں کو توہین عدالت کا جواب جمع کروانے کی مہلت ،کاروائی بدھ تک ملتوی

منگل 15 اپریل 2025 13:56

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2025ء) لاہور ہائیکورٹ نےقصور میں زیر حراست ملزمان کی ویڈیو بنانے والے دو کانسٹیبلوں کو توہین عدالت کا جواب جمع کروانے کی مہلت دیتے ہوئے کاروائی بدھ تک ملتوی کردی۔ ہائیکورٹ کے جسٹس علی ضیا باجوہ نے وشال شاکر کی توہین عدالت کی درخواست پرمنگل کو سماعت کی ۔دوران سماعت پراسکیوٹر جنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ ،ڈی آئی جی آپریشن فیصل کامران اور ایس پی انویسٹیگیشن قصور عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

عدالت نے ڈی آئی جی آپریشن سے استفسار کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان کے خلاف کارروائی کے دوران ویڈیوز بنا کر اپ لوڈ کرنا مناسب نہیں جس پر ڈی آئی جی آپریشن نے عدالت سے معافی مانگی اور کہا کہ ویڈیو اپ لوڈ والی سنگین غلطی ہوئی آئندہ کسی شہری کی تذلیل نہیں ہوگی۔ڈی آئی جی آپریشن نے کہا کہ اب پولیس سوشل میڈیا پر مواد متعلقہ ایس پی سے اجازت لےکر اپ لوڈ کرے گی۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ اب کسی کی تذلیل کی گئی تو متعلقہ افسر کے پورٹ فولیو میں لکھا جائے گا ۔عدالت نے کاروائی بدھ تک ملتوی کردی۔