اوورسیز کشمیری پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں،ریاض کوہمروی

کنونشن نے ایک نئی روح پھونکی ہے اور اوورسیز کشمیریوں کو دوبارہ پاکستان سے جوڑ دیا ہے جو کہ قابل ستائش ہے

منگل 15 اپریل 2025 14:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2025ء)پاکستان پیپلزپارٹی برطانیہ کے نائب صدر،سابق فوکل پرسن وزارت سمندر پار پاکستانیز یوکے،ممتاز سیاسی وسماجی شخصیت ریاض کوھمروی نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیز کنونشن منعقد کروانے پر صدر پاکستان آصف علی زرداری،وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف،اعلیٰ عسکری حکام،او پی ایف چیئرمین سید قمر رضا کا شکریہ ادا کرتے ہیں حکومت پاکستان نے اوورسیز کشمیریوں کی خدمات کو تسلیم کیا جو کہ خوش آئند ہے ان خیالات کا اظہار انھوں نے اوورسیز پاکستانیز کنونشن میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انھوں نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں سے اوورسیز کشمیری نہ صرف ملک میں سرمایہ کاری سے دور ہو چکے تھے بلکہ تہواروں پر بھی وطن واپس آنا کم ہو گیا تھا۔

(جاری ہے)

تاہم اس کنونشن نے ایک نئی روح پھونکی ہے اور اوورسیز کشمیریوں کو دوبارہ پاکستان سے جوڑ دیا ہے جو کہ قابل ستائش ہے۔انھوں نے کہا کہ اوورسیز کشمیری پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، اور اگر ان کے لیے‘‘ون ونڈو آپریشن’’جیسا نظام متعارف کرا دیا جائے تو پاکستان میں سرمایہ کاری میں کئی گنا اضافہ ممکن ہے ان کے مطابق صرف اوورسیز کشمیری ہی پاکستان کو امداد اور قرضوں کے چنگل سے نکال سکتے ہیں، بشرطیکہ ان کا اعتماد بحال کیا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ ملک ہم سب کا ہے ہم سب کو مل کر اس ملک کی بنیاد ہو مزید مضبوط کرنا ہو گا تاکہ پوری دنیا پاکستان کی مثالیں دے۔