پیشہ ورانہ مہارتوں کا فروغ ، پاک چین ڈیجیٹل ٹریڈ اکیڈمی کا آغازہوگیا

منگل 15 اپریل 2025 17:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2025ء)لاہور میں ڈیجیٹل ٹریڈ سلک روڈ اکیڈمی معاہدے پر دستخط کے ساتھ چین پاکستان تعلیمی تعاون کے ایک نئے باب کا آغاز ہو گیا۔ پانچ اداروں - ژی جیانگ ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ آف اکنامکس، ہانگڑو، ژونگ لان ٹریڈنگ کمپنی، لاہور، پنجاب ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا)، لاہور، گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ گلبرگ، لاہور اور آئی ٹی ایم سی ٹیکنالوجی، بیجنگ نے پاکستان کی بڑھتی ہوئی ڈیجیٹل معیشت میں تکنیکی اور پیشہ ورانہ تربیت کو بڑھانے کے لئے ایک فریم ورک قائم کیا۔

چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابقیہ تعلیمی اقدام دونوں ممالک کے درمیان موجودہ اقتصادی تعاون پر مبنی ہے جس میں ای کامرس اور ڈیجیٹل ٹریڈ میں چینی مہارت پاکستان کے تکنیکی تعلیمی نظام کو جدید بنانے میں مدد دے رہی ہے۔

(جاری ہے)

چین نے مسلسل 12 سالوں سے دنیا کی سب سے بڑی آن لائن خوردہ مارکیٹ کے طور پر اپنی پوزیشن برقرار رکھی ہے جس میں ای کامرس کی کھپت ترقی کے ایک نئے ڈرائیور کے طور پر ابھر رہی ہے،2024 میں چین کی آن لائن ریٹیل فروخت میں 7.2 فیصد اضافہ ہوا جبکہ ’’سلک روڈ ای کامرس‘‘اقدام نے بین الاقوامی تعاون کے نئے مواقع پیدا کیے ہیں اور اپنے شراکت دار ممالک کو 33 تک بڑھا دیا ہے۔

چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق چین کی جدید ترین ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ (ٹی وی ای ٹی) کی پیشرفت اور بین الاقوامی تعلیمی وسائل کے اشتراک سے ڈیجیٹل سکلز ڈویلپمنٹ کے لیے سینٹرز آف ایکسیلینس کے قیام سے پاکستان میں پیشہ ورانہ تربیت اور تکنیکی تعلیم کو تقویت ملے گی۔ چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق ڈیجیٹل ٹریڈ سلک روڈ اکیڈمی ٹیوٹا کے تحت گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ گلبرگ، لاہور میں کام کرے گی، جو ابتدائی طور پر جدید لاجسٹکس اور وسیع تر ای کامرس مضامین میں توسیع سے قبل سرحد پار ای کامرس میں پروگرام پیش کرے گی۔

یہ اقدام براہ راست پاکستان کی قومی "ڈیجیٹل پاکستان" حکمت عملی کی حمایت کرتا ہے، جس میں نوجوانوں کو جدید افرادی قوت کے لئے مسابقتی ڈیجیٹل مہارتوں سے لیس کرنے کو ترجیح دی جاتی ہے۔