صوبائی وزیر صنعت و تجارت سے برطانیہ اور اٹلی کے سرمایہ کاروں کے وفود کی ملاقات، مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت کی

منگل 15 اپریل 2025 17:39

صوبائی وزیر صنعت و تجارت سے  برطانیہ اور اٹلی کے سرمایہ کاروں کے وفود ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2025ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے پاکستانی نژاد برطانیہ اور اٹلی کے سرمایہ کاروں کے وفود نے اسلام آباد میں ملاقاتیں کیں۔ان ملاقاتوں میں پنجاب کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت کی گئی ۔صوبائی وزیر نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

اس موقع پرصوبائی وزیر صنعت نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کو معاشی اور اقتصادی سرگرمیوں کا مرکز بنادیا ہے اس لئے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کار پنجاب کو سرمایہ کاری کیلئے ترجیح دے رہے ہیں۔پنجاب کے صنعتی مراکز میں تیزی سے نئی انڈسٹری لگ رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ قائد اعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں بننے والے گارمنٹ سٹی میں ٹیکسٹائل سیکٹر سے وابستہ چین سمیت دیگر غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیاں سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

مقامی سرمایہ کار بھی گارمنٹ سٹی میں کارخانے لگا رہے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہاکہ پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری پر خصوصی مراعات دی جارہی ہیں۔یہاں سرمایہ کاری پر 10سال تک انکم ٹیکس کی چھوٹ اور ایک مرتبہ ڈیوٹی فری مشینری درآمد کی سہولت بھی موجود ہے۔بزنس فسیلیٹیشن سینٹرز سرمایہ کاروں کو ایک چھت تلے سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پنجاب میں سرمایہ کاری کا بہترین وقت اور موقع ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے بتایا کہ مرحلہ وار پروگرام کے تحت انڈسٹریل سٹیٹس کو سولر انرجی پر منتقل کیا جارہاہے۔سولر انرجی پر منتقلی سے پیدا واری لاگت میں کمی آئے گی۔انڈسٹریل سٹیٹس میں صنعتی انفراسٹرکچر کو بھی بہتر بنایا جا رہا ہے۔ کاروبار کیلئے سازگار ماحول کے باعث پنجاب میں اربوں ڈالر کی نئی غیر ملکی سرمایہ کاری آرہی ہے سرمایہ کاروں نے پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول کی فراہمی کی حکومتی کاوشوں کو سراہا۔پاکستانی نژاد غیر ملکی سرمایہ کاروں نے پنجاب میں سرمایہ کاری پر آمادگی ظاہرکی۔