کے آئی یو اور المصطفیٰ انٹرنیشنل یونیورسٹی ایران کا تعلیم وتحقیق کو فروغ دینے سمیت بین الثقافتی روابط بڑھانے پر اتفاق

منگل 15 اپریل 2025 18:37

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2025ء) ایران کی المصطفیٰ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وفد نے قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کا دورہ کیا۔شعبہ تعلقات عامہ کے آئی یو کے مطابق دورے کے دوران دونوں اداروں کے درمیان تعلیمی تعاون کو فروغ دینے،جامعہ قراقرم کے شعبہ اردو اینڈ ریجنل لینگو یجز میں فارسی زبان کا کورس شروع کرنے سمیت بین الثقافتی روابط کومضبوط کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

دورے پر آنے والے وفد کا کے آئی یو کے سینئر عہدیدران نے پرتپاک استقبال کیا۔ملاقات کے دوران کے آئی یو کے ذمہ داران نے یونیورسٹی کی جانب سے معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے اٹھائے گئے اقدامات اور علاقے میں اعلیٰ تعلیم وتحقیق کے مرکز کے طور پر اس کے بڑھتے ہوئے کردار کو اجاگر کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہمیں المصطفیٰ یونیورسٹی کے وفد کی میزبانی کرتے ہوئے خوشی ہورہی ہے اور ہم ایسی شراکت داری قائم کرنے کے خواہش مند ہیں جو ہمارے طلبہ وطالبات اور فیکلٹی کے لیے فائدہ مند ہو۔

المصطفیٰ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے ذمہ داران نے کے آئی یو کے تعلیمی پروگراموں اور گلگت بلتستان میں تعلیم وتحقیق کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے عالمی چیلنجز سے نمٹنے اور مشترکہ علم وتحقیق کے ذریعے تعلیمی تجربات کو بہتر بنانے میں بین الاقوامی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔واضح رہے کہ یہ دورہ کے آئی یو کی بین الاقوامی شراکت داریوں کو مضبوط کرنے کی جاری کوششوں کی عکاسی ہے۔ یونیورسٹی اس سے قبل چین، امریکہ،یورپ اور دیگر ممالک کے اداروں کے ساتھ کامیاب تعاون کر چکی ہے۔ یونیورسٹی اپنے طلبہ وطالبات کے لیے تعلیمی مواقعوں کو وسعت دینے اور علاقی ترقی میں کردار ادا کرنے کے لیے عالمی تعلیمی روابط کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔