دھی رانی پروگرام، راولپنڈی ڈویژن میں 104 اجتماعی شادیوں کی تقریب 21 اپریل کو منعقد ہوگی ، کمشنر راولپنڈی

منگل 15 اپریل 2025 20:06

دھی رانی پروگرام، راولپنڈی ڈویژن میں  104 اجتماعی شادیوں کی تقریب 21 اپریل ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2025ء) کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے کہا کہ“دھی رانی پروگرام''* حکومت پنجاب کی جانب سے سماجی خدمت کا ایک مثالی اقدام ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو کمشنر آفس راولپنڈی میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن سید نذارت علی، سیکرٹری آر ٹی اے راشد علی، ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر شاہد رانا و دیگر متعلقہ افسران نے شر کت کی۔

انجینئر عامر خٹک نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے فلاحی پروگرام دھی رانی کے دوسرے مرحلے میں راولپنڈی ڈویژن میں کل 104 اجتماعی شادیاں ہوں گی۔ یہ تقریب 21 اپریل 2025 کو فورٹرس ایونٹ کمپلیکس مین ایکسپریس ہائی وے پر منعقد کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی اس سماجی خدمت کو کامیاب بنانے کے لئے تمام ادارے اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے سرانجام دیں تاکہ مستحق خاندانوں کی بیٹیوں کی اجتماعی شادی شایان شان طریقے سے ہو پائے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر نے انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جوڑوں کی آمدورفت کا انتظام ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RTA) راولپنڈی کے سپرد کیا گیا ہے۔استقبالیہ کے موقع پر بینڈ اور ثقافتی سرگرمیوں کا اہتمام آرٹس کونسل کے تعاون سے کیا جائے گا۔ سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی ذمہ داری پولیس ڈیپارٹمنٹ کو سونپی گئی ہے۔ مزید برآں، تحائف کی تقسیم، ہال کی سجاوٹ، کھانے پینے کا بندوبست، مہمانوں کے بیٹھنے کے انتظامات کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ کمشنر راولپنڈی نے ہدایات جاری کیں کہ ہر ادارہ پروگرام کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائے۔